چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا وفاق پر حملہ ہے، فردوس عاشق



کراچی: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پچیس جولائی کو اپوزیشن اپنے اقتدار پر ماتم کرے گی اور پاکستان کے غیورعوام یوم سیاہ سے لاتعلق رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا وفاق پر حملہ ہے۔

پیمرا آفس کراچی  آمد پر  فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو اپوزیشن اپنے اقدام پر ماتم کرے گی۔ عوام چوروں لٹیروں سے لاتعلق رہیں گے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چیئر مین سینیٹ کو ہٹانا وفاق پر حملہ قرار دے دیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں اب قانون کی حکمرانی ہوگی۔ مہنگائی کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کا کام ہے۔ سندھ حکومت نے عوام کے حقوق غضب کئے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جس کا دامن صاف ہو وہ بیک فٹ پر نہیں فرنٹ پر کھلتا ہے۔ وزیراعظم اپنے بیانیے کو ٹرمپ سے منوا کر خود کو قوم کا رہبر ثابت کردیا ہے۔

اس سے قبل آج انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے متعلق بھی بیان جاری کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کامیاب ملاقات پاکستان کی کامیابی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم کو کو اپنے رہبر پر ناز ہے جس نے باوقار انداز سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے امریکی صدر کی پیشکش کا خیرمقدم کرتا ہے۔ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے مابین تنازعہ کشمیر پر گفتگو سے خطے کے بنیادی مسئلے کے حل کی اہمیت بھرپور انداز سے اجاگر ہوئی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا افغان مسئلے پر وزیراعظم پاکستان کے موقف کی تائید اور انہیں مقبول رہنما قرار دینا عمران خان پر دنیا کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار اور انکی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

یہ بھی پڑھیے:عمران خان کا دورۂ امریکہ،مریم نواز اور فردوس عاشق آمنے سامنے

پاکستان پیپلز پارٹی کا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ


متعلقہ خبریں