گلگت بلتستان:سطح سمندر سے 12ہزار فٹ کی بلندی پر روایتی کھیلوں کے مقابلے


گلگت بلتستان کی خوبصورت ترین وادی ہراموش کے علاقے کھلتارو میں سطح سمندر سے 12 ہزار فٹ کے بلندی میں اسپورٹس فیسٹیول سجایاگیا ہے،گلئیشرز کے دامن میں کھلاڈیوں نے ماحول کو گرما دیا۔

گلگت ہراموش کی خوبصورت ترین وادی ہے اور اس کا دلفریب علاقے کھلتارو میں مقامی کمیونٹی نے اپنی مدد اپ کے تحت دنیا کا بلند ترین اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے کا دعوی کیا ہے، اس ایونٹ میں ہراموش سمیت گلگت سے بھی مختلف ٹیموں نے شرکت کی۔

اس 5 روزہ سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ سمیت مقامی کھیل بسرا ، بل بٹ و دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی رکھے گئے ۔

’’بسرا‘‘ اس علاقے کا نہایت ہی دلچسپ اور روایتی کھیل ہے ۔ اس کھیل میں دو کھلاڑی اپنا ایک پاؤں اپنے ہاتھ سے پکڑ کر ایک دوسرے سے زور آزمائی یعنی کشتی کرتے ہیں جو دوسرے کو گرا یعنی چت کردیتاہے وہ فاتح قرار پاتا ہے ۔

اسی طرح ’’بل بٹ ‘‘ بھی اس علاقے کا قدیم روایتی کھیل ہے۔ اس کھیل میں مختلف اوزان کے پتھر دور پھینکنے کا مقابلہ ہوتا ہے ۔ مختلف عمر کے لوگ مختلف وزن کے پتھر پھینکتے ہیں جس کا پتھر زیادہ فاصلے پر جاکر گرتا ہے وہ فاتح قرار پاتاہے۔

کھلتارو کےبلند ترین میدان میں آکسیجن کے کمی کے باوجود نوجوانوں اور مقامی بزرگوں کا شوق دیدنی تھا جبکہ مقامی دھنوں پر نوجوانوں سمیت بزرگوں نے بھی خوب  دھمال ڈالی۔

 

منتظمین نے ہم نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اس ایونٹ کا مقصد نہ صرف علاقے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے بلکہ  گلگت بلتستان کی اس بلند ترین اور اس خوبصورت وادی کو دنیا کے سامنے متعارف بھی کرانا ہے تاکہ اس علاقے میں سیاحت فروغ پا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: شندور: سطح سمندر سے بارہ ہزار فٹ کی بلندی پر ہونے والے میلے کی تصویر کہانی


متعلقہ خبریں