عورت نے شادی سے انکار پر لڑکے کو قتل کر دیا

فوٹو: فائل


لاہور: رائیونڈ میں عورت نے شادی سے انکار پر لڑکے کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئی۔

پولیس کے مطابق تھانہ رائیونڈ سٹی کی حدود میں فضہ بی بی نے مدثر کو شادی کی پیشکش کی۔ شادی سے انکار پر ملزمہ فضہ بی بی نے طیش میں آکر مدثر کو قتل کر دیا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ اور مقتول کا آپس میں معاشقہ چل رہا تھا اور لڑکے کی جانب سے شادی سے انکار پر لڑکی نے جذبات میں آکر انتہائی قدم اٹھایا، مدثر نے 20 روز قبل ہی کسی دوسری لڑکی سے شادی کر لی تھی۔

مقتول کے والد محمد مزمل کے مطابق مدثر اپنے بھائی مبشر کے ساتھ گھر جا رہا تھا کہ راستے میں مشن اسکول کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین ملزمان آئے جن میں ملزمہ فضہ بی بی بھی شامل تھی۔ ملزمہ نے ہی مدثر پر فائرنگ کی جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دم توڑ گیا۔

یہ بھی پڑھیں سوشل میڈیا کی محبت نوجوان طالبہ کی جان لے گئی

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب لاہور کے علاقہ باغبانپورہ میں شادی سے انکار پر لڑکی کو گولی مارنے کے بعد خود کو زخمی کرنے والا نعیم دوران علاج دم توڑ گیا۔ نعیم نے گزشتہ روز کنول نامی لڑکی کو شادی سے انکار پر گولی مارنے کے بعد خود کو بھی فائر کر کے زخمی کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں