لاہوریوں کیلئے خوشخبری ، فری وائی فائی سروس بحال کرنے کا فیصلہ


لاہوریوں کے لئے خوشخبری آ گئی ہے، پنجاب حکومت نے فری وائی فائی منصوبہ پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، شہریوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوام سے ایسی سہولتیں چھیننا ہی نہیں چاہئیں۔ 

مفت انٹرنیٹ سے فائدہ اٹھانے والے مایوس نہ ہوں، فری وائی فائی سروس دوبارہ شروع کرنے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ( پی آئی ٹی بی )اور پی اینڈ ڈی کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں شہر کے دو سو مقامات پر انٹرنیٹ کیلئے راؤٹرز لگائے گئےتھے  جو کمپنیوں کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث بند پڑے تھے۔ اب حکومت نے ان کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے اس اعلان کو شہریوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو میں شہریوں کا کہنا تھا کہ  یہ ایک اچھی سہولت تھی، اس سے پڑھائی اور خاص طور پر ریسرچ وغیرہ  میں مدد ملتی تھی ۔ حکومت کی طرف سے فری وائی فائی اور لیپ ٹاپ دئے جانے کی وجہ سے غریب اور نادرا طلبہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے تھے۔

وائی فائی منصوبے کی کئی ماہ سے بندش پر لاہوریوں نے ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔ ہم نیوز سے گفتگو میں بعض شہریوں نے کہا کہ  ایسے سہولیاتی پروگرام کی دیکھ بھال کا مناسب نظام مرتب کیا جائےاور یہ سہولت پہلے کی طرح حکومتی نااہلی کہ وجہ سے واپس نہیں لینی چاہیئے۔

لاہور کے کچھ طلبہ نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اب یہ راؤٹرز بند پڑے ہیں کیا فائدہ؟  حکومت ان کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام کرے اور انہیں مسلسل چلانے کے لئے اہل لوگوں کو اس کی نگرانی پر مامور کیا جائے۔

سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت کی طرف سے یہ پراجیکٹ ستائیس کروڑ کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا۔  اس  منصوبےکے تحت عوام کو ائر پورٹ،، جنرل بس اسٹینڈز،، میٹرو بس اسٹیشنز اور سرکاری اسپتالوں سمیت دوسرے مقامات پر فری وائی فائی کی سہولت میسر تھی۔

یہ بھی پڑھیے: حجاج کرام کے لیے تحفہ : مفت سم کارڈز اور انٹرنیٹ کی سہولیات


متعلقہ خبریں