بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی لسٹوں پر اعتراض،نئی لسٹیں پی ٹی آئی اراکین خود بنائیں گے


وفاق ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی لسٹوں پر اعتراض کے بعد صحت انصاف کارڈ کیلئے نئی لسٹیں بنانے کا فیصلہ کرلیاگیاہے۔ 

پی ٹی آئی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ  صحت انصاف کارڈ کی نئی لسٹیں پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی کی مشاورت سے تیار کی جائیں گی۔منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اپنے اپنے حلقوں کی فہرستیں خود تیار کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) سمیت متعدد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی لسٹوں کی شفافیت پر اعتراض اٹھایا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کی طرف سے  14 اگست تک ہیلتھ کارڈز کی  تقسیم کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی لسٹوں میں ہیر پھیر کے الزامات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کا اجرا رواں سال فروری میں کیا تھا۔

عمران خان نے اسلام آباد میں صحت انصاف کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی میں صحت انصاف کارڈ کا نام خوش آئند ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کا اجرا پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور قبائلی علاقوں میں بھی ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وسائل استعمال کرکے بہتری کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صحت کارڈ کے تحت غریب خاندان سات لاکھ 20 ہزار روپے تک خرچ کرسکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں کئی خاندان صرف بیماری کی وجہ سے غریب ہوجاتے ہیں۔ غریب خاندان میں ایک بیمار کی وجہ سے سب ہی متاثر ہوتے ہیں جب کہ اپنوں کی تکلیف کا درد میں اچھی طرح سمجھ سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام پالیسیاں غربت کے خاتمے کے لیے ہی بنا رہے ہیں۔ غریب آدمی اپنا علاج بیرون ملک سے نہیں کرا سکتا ہے اور اس کے لیے علاج معالجہ ہی سب سے مشکل ہوتا ہے جب کہ ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ ہم غربت میں کمی اور نچلے طبقے کو اوپر لانے کا پلان جلد لا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں 85 ہزار ہیلتھ کارڈز جاری کریں گے،وفاقی وزیر صحت


متعلقہ خبریں