این اے 205 گھوٹکی: پیپلز پارٹی کامیاب، تحریک انصاف کو شکست

پی پی 38 سیالکوٹ، ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان  پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار سردار محمد بخش خان مہر 89 ہزار 359 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

الیکشن کمیشن کو موصول غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار احمد علی خان مہر 70 ہزار 848 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 48.20 فیصد رہا ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں ایک لاکھ 73 ہزار 953 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ چھ ہزار 32 ووٹ مسترد ہوئے۔

یاد رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی سردار علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے عادل پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  میں  گھوٹکی کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمارے ساتھ  مل کر ’سلیکٹیڈ‘ وزیراعظم کو پیغام دیا ہے  کہ “نیا پاکستان نہ کھپے”۔

انہوں نے کہا کہ عام اتخابات میں جیتی ہوئی نشست کسی اور کو دے دی گئی، گھوٹکی بھٹو کا ہے خان گڑھ بھٹو کا ہے، یہ پہلی شکست ہے نئے پاکستان والوں کو اور تبدیلی والوں کے لئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کے معاشی حقوق کیلئے مل کر جدوجہد کرنی ہے، سردار محمد بخش مہر ایک ایسا امیدوار ہے جو کٹھ پتلیوں کے سامنے ڈٹ جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں