پاک امریکہ بہتر تعلقات خطے کے استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں، آرمی چیف 


واشنگٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک امریکہ بہتر تعلقات خطے کے استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پینٹاگون کا دورہ کیا جہاں پہنچنے پر ان کا تاریخی استقبال کیا گیا۔

امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے آرمی چیف کا استقبال کیا جبکہ ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی قائم مقام امریکی وزیر دفاع اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور افغان امن عمل پر گفتگو ہوئی۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان نے امریکی جنگ لڑی اور ناقابل تلافی نقصان اٹھایا‘

امریکی عسکری حکام  نے افغان امن عمل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کے کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی۔ سیکیورٹی اور دو طرفہ تعاون کے معاملات پر گفتگو کی گئی۔

آرمی چیف نے ارلنگٹن نیشنل قبرستان کا دورہ بھی کیا اور امریکی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ آرمی چیف کی سینیٹر لنزے گراہم اور جنرل جیک کین سے ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سلامتی کے معاملات بالخصوص افغان امن عمل پر گفتگو ہوئی۔

سینیٹر لنزے گراہم نے پاکستان کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے امن و امان کی بہتر صورت حال کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے اچھے تعلقات سے مختلف شعبوں میں بہتری آئی گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ بہتر تعلقات خطے کے استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں۔


متعلقہ خبریں