شہباز شریف سے واشنگٹن کا تاریخی جلسہ برداشت نہیں ہوا، فردوس عاشق

پاک امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں اوینکا ٹرمپ کا کردار مثبت ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دورہ امریکہ کی کامیابیوں سے ’ہاؤس آف شریف‘ کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کا بیان عمران خان کے خلاف حسد کا اظہار ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانیوں کا تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ دیکھ کر شہباز شریف سے برداشت نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ‏عمران خان کشمیریوں کے وکیل بن کر ابھرے اور تنازع کشمیر کے حل کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف کشمیر پر سیاست کرنے سے پہلے  آنکھیں کھول کر سید علی گیلانی کا بیان پڑھ لیتے، انہوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‏کم ظرف سوچ کے ساتھ بسوں میں سفر کا طعنہ دینے کے بجائے عمران خان کی سادگی اور کفایت شعاری کی مثال سے سیکھتے؟

فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز صاحب! آپ سب سے بڑے شعبدہ باز ہیں جو لندن میں تو سڑکیں پیدل ناپتے ہیں لیکن پاکستان آتے ہی پروٹوکول کے نشے کا شکار ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‏عمران خان سے عداوت اور بغض میں جتنا عوام کو گمراہ کرتے ہیں، ان کی محبت وزیراعظم کے لیے بڑھتی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرینا ون کے عوامی جوش وخروش،والہانہ استقبال اورصدر ٹرمپ کے ساتھ کامیاب ملاقات نے ان کی نیندیں اڑا دیں ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ‏شہباز شریف کا وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بیان ان کی پست سوچ اور بدعنوان خصلت کا آئینہ دار ہے۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز