مرید عباس قتل کیس: تفتیش پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے


کراچی میں اینکر مرید عباس قتل کیس کی تفتیش جاری ہے تاہم ہم نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے بعد اس پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔

تفتیشی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مقدمہ درج کرتے ہوئے دہشت گردی کی دفعہ شامل نہ کرکے ملزم کو مبینہ فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے 14 روز بعد مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ کا اندراج کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ تفتیشی پولیس عاطف زمان کے بھائی عادل زمان کو بھی گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے جبکہ دہرے قتل کی واردات کے وقت ملزم کا بھائی موقع پر موجود تھا۔

مزید پڑھیں: مرید عباس قتل کیس: مقتول کے رشتہ دار نے بڑا انکشاف کردیا

کیس کی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ایس ایس پی طارق دھاریجو تفتیش میں اہم کردار سامنے نہ لاسکے جبکہ ساؤتھ زون پولیس کے سینئر افسران کو کیس کی تفتیش میں نظر انداز کردیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے عاطف زمان کا ویڈیو بیان جاری کرکے معاملے کو مزید گھمبیر کردیا۔

گزشتہ روز سامنے آنے والا عاطف زمان کا ویڈیو بیان پانچ روز قبل ریکارڈ کیا گیا تھا، تفتیشی پولیس نے کروڑوں روپے کے لین دین کے معاملات سے بھی ہاتھ اٹھالیے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ تفتیشی پولیس نے تمام متاثرین کے بیانات تاحال قلم بند نہیں کیے۔


متعلقہ خبریں