وزیراعظم عمران خان کامیاب دورہ امریکہ کے بعد وطن پہنچ گئے


اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین ،علیم خان ،فردوس عاشق،فواد چودھری ،پرویز خٹک اور غلام سرور سمیت دیگر وزرا اور پارٹی کارکنوں نےاسلام آباد انٹر نیشنل ائر پورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر کارکنوں سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  آج ایسا لگ رہاہے جیسے میں ورلڈ کپ جیت کے آیا ہوں ۔

وزیر اعظم نے کہا دنیا انکی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرانا چاہتے ہیں ۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کبھی آپکو مایوس نہیں کرونگا ۔

انہوں نے کہااللہ نے پاکستان کو ستائیس رمضان کو بنایا ۔ ہمیں اس ملک کو آگے لیکر جانا ہے ۔ملک کبھی ترقی نہیں کریگا جب تک ہم ملک لوٹنے والوں کو جیلوں میں نہیں ڈالیں گے ۔

عمران خان نے کہا میں نے مغربی ممالک کو کہا ہے ہماری مدد کریں تاکہ ہم لوٹا ہو پیسہ واپس لائیں اور اپنی عوام پر لگائیں ۔اللہ نے اس ملک میں ہر قسم کی نعمتیں دیں ہیں ۔ ہم نے اس ملک کے ادارے ٹھیک کرنے ہیں جو یہاں چوروں نے تباہ کر دئیے ہیں ۔

انہوں نے کہا میرا وعدہ ہے ایک دن آئیگا جب ہر پاکستانی ہرا پاسپورٹ لے کر نکلے گا تو دنیا آپکی عزت کریگی ۔

عمران خان کی آمد سے قبل جہانگیر خان ترین  نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے کامیاب دورے سے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے۔

وطن روانگی سے قبل واشنگٹن ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیر اور امریکی حکام نے وزیراعظم عمران خان کو الوادع کہا۔

دورے کے آخری روز عمران خان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور کیپیٹل ہل میں اسپیکر کانگرس نینسی پلوسی نے ملاقات کی۔

وزیراعظم اور  امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعلقات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم نے مائیک پومپیو کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور مدارس اصلاحات سے آگاہ کیا۔

اس سے قبل واشنگٹن میں کیپٹل ہل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے امریکہ کو کبھی زمینی حقائق سے آگاہ نہیں کیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو بتایا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکہ کی جنگ میں ہزاروں جانیں قربان کی ہیں، دونوں ممالک کا مقصد خطے میں امن ہے، مسئلہ افغانستان پیچیدہ اور مشکل عمل ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو خطے کی صحیح صورت حال سے آگاہ کیا، امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے ڈو مور کہا، ہم خود دفاعی پوزیشن میں ہیں ہم سے ڈومور کا مطالبہ کیسے کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان سے جلد ملاقات ہوگی، عمران خان

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیائی لحاظ سے دنیا میں اہم مقام حاصل ہے، فوج  سمیت تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کردار اد ا کریں گے۔

 

 


متعلقہ خبریں