پی ٹی آئی سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس دلانے کیلئے بل لے آئی


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی قانون ساز  سماعت سے محروم افراد کے لیے ایک  خوشخبری لائی ہیں ،ایسے لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا بل پنجاب اسمبلی میں جمع کرادیاہے۔بل میں موٹروہیکل آرڈیننس میں ترمیم  کی سفارش کی گئی ہے۔ 

تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے سماعت سے محروم  افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا بل پنجاب اسمبلی میں جمع کروایا۔

بل میں کہا گیاہے کہ نیپال ، سری لنکا، یورپین یونین اور عرب ممالک سمیت متعدد ممالک میں سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ کا حق دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کا کنونشن برائے معذور افراد بلا امتیاز تمام افراد بشمول معذوروں کو ڈرائیونگ کا حق دیتا ہے۔

بل میں مطالبہ کیا گیاہے کہ اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت سماعت سے محروم پنجاب کے باسیوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری ہونا چاہیے۔آرٹیکل 25 بھی اس قانون پر عمل در آمد کی ضمانت دیتا ہے۔ پنجاب میں سماعت سے محروم افراد کیلئے بھی ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کیا جائے۔

پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی کی طرف سے جمع کرائے گئے بل میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ سماعت سے محروم افراد کی گاڑی پر شناخت کیلئے خصوصی پلیٹ بھی لگائی جائے۔ اس مقصد کیلئے پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی جائے۔

یاد رہے اس سے قبل حکومت سندھ نے بھی  قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے قانون میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومتِ سندھ نے قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کا فیصلہ  رواں سال جنوری میں کیا تھا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے، قوت سماعت سےمحروم افراد کو بھی ڈرائیونگ کے ذریعے روزگار کا حق ہے۔

اس لئے حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کےاجراکےلیے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ عدالت عظمی کےاحکامات پرکیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول آسان یا دشوار؟


متعلقہ خبریں