وزارت ریلوے  نے  پانچ ٹرینوں کے نئے روٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا

فوٹو: فائل


لاہور: وزارت ریلوے  نے  پانچ ٹرینوں کے پرانے روٹ تبدیل کرکے  نئے بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ شاہ حسین، فیصل آباد ایکسپریس، ملتان ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کے روٹ تبدیل کیے جائیں گے۔ 

ذرائع نے ہم نیوز کوبتایاہے کہ وی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس کو بھی ری لانچ کیا جائے گا، جناح ایکسپریس کو بھی خسارے کے باعث ری لانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

لاہور سے کراچی براستہ فیصل آباد چلنے والی شاہ حسین  اورفیصل آباد سے ملتان براستہ خانیوال چلنے والی فیصل آباد ایکسپریس کا روٹ بھی تبدیل ہوگا۔

ملتان سےبراستہ ساہیوال لاہور جانے والی ملتان ایکسپریس کا روٹ بھی تبدیل کرنے پر غور کیا جارہاہے۔ لاہور سے کراچی براستہ رحیم یار خان اور فیصل آباد چلنے والی شالیمار ایکسپریس کا روٹ بھی تبدیل ہوگا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق ریلوے حکام نے یکم اگست سے شالیمار ایکسپریس کی بکنگ بھی بند کردی ہے ۔ اس ٹرین کا روٹ تبدیل کرنے کے بعد بکنگ دوبارہ شروع کی جائے گی۔

یاد رہے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے19جولائی کو لاہور اورماڑی انڈس کے درمیان میانوالی ایکسپریس کے نام سے نئی ٹرین کا افتتاح کیاہے۔ نئی ٹرین کا افتتاح میانوالی ریلوے ا سٹیشن سے  کیا گیا۔

ریلوے  حکام کے مطابق میانوالی ایکسپریس میں 5 بوگیاں اکانومی کلاس، ایک اے سی اسٹینڈرڈ اور ایک بوگی پاور پلانٹ پر مشتمل ہوگی۔ شاہدرہ، قلعہ شیخوپورہ ،سانگلہ ہل  اورچنیوٹ  میانوالی ایکسپریس کے اسٹاپ ہوں گے۔

میانوالی ایکسپریس سرگودھا، خوشاب، کندیاں، میانوالی اورداﺅدخیل پر بھی اسٹاپ کریگی۔ میانوالی ایکسپریس رات 9بجے لاہور سے روانہ ہوکر اگلے روزصبح 6 بجے ماڑی انڈس پہنچا کرے گی۔

ماڑی انڈس سے بھی میانوالی ایکسپریس رات 9 بجے روانہ ہوکر اگلے روز صبح 6بجے لاہور پہنچا کرے گی۔

میانوالی ایکسپریس میں لاہور سے سرگودھا تک اکانومی کلاس کا کرایہ 250 اور اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 650 روپے رکھا گیا ہے۔ لاہور سے میانوالی کا اکانومی کلاس کا کرایہ 350 روپے، اے سی سٹینڈر ڈ کا کرایہ 800 روپے ہوگا۔

لاہور سے ماڑی انڈس کا اکانومی کلاس کا کرایہ 400 روپے، اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 1000 روپے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے شہر میانوالی کے لیے نئی ٹرین سروس


متعلقہ خبریں