پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو لاہور میں ہوگا

قومی اسکواڈ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے آج روانہ ہو گا

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا۔ اجلاس میں مینز، ویمنز کی قومی کرکٹ ٹیم  کے ساتھ ساتھ انڈر 16 اور انڈر 19 کرکٹ کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ 

پی سی بی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایاہے کہ کمیٹی کی جانب سے تمام ٹیموں کی کارکردگی کی روشنی میں سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو بھجوانا ایجنڈے میں شامل ہے۔

پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیےسابق چیف سلیکٹر انضمام الحق، کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ کمیٹی کے سربراہ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اجلاس کی صدارت کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق  کپتان  مصباح الحق، عروج ممتاز، ذاکر خان، مدثر نذر اور ہارون رشید بھی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز لیفٹ آرم فاسٹ بالر وسیم اکرم ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کا اعلی سطح کا وفد  آئندہ جمعہ کو نواب اکبر خان بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کرے گا،وفد میں وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری، اکبر درانی، شاہ دوست اور پی سی بی ورکنگ گروپ کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

پی سی بی حکام کے مطابق ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد پی سی بی ورکنگ گروپ میں شامل ہیں،چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان اور ڈائریکٹر انفراسٹرکچر اینڈ رئیل اسٹیٹ خیام قیصر بھی ورکنگ گروپ کا حصہ ہیں۔ وفد اسٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سہولیات کے مواقع پیدا کرنے کا جائزہ لے گا۔

حکام کے مطابق نواب اکبر خان بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم سے حاصل ہونے والی آمدن کو ریجنل کرکٹ کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ مرمتی کام نیسپاک کے تعاون سے سیزن 2019 تا 2020ء تک مکمل کرنا ہمارا ہدف ہے۔

پی سی بی ایونٹس ٹیم جلد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ بھی کرے گی،ٹیم نے 18 جولائی بروز جمعرات کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا وفد آئندہ جمعہ کو بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کریگا


متعلقہ خبریں