’نعیم الحق نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈانٹا‘



اسلام آباد: مسلم لیگ کے رہنما محمد زبیر نے الزام لگایا ہے کہ نعیم الحق نے وزیراعلیٰ پنجاب کو فون پر ڈانٹا کہ وہ فیصل آباد کی ریلی کیوں نہیں روک سکے۔

ہم نیوز کے پروگرام’ ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ فیصل آباد ریلی کے بعد ہمارے دو سو سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے برا فسطائی نظام پہلے کبھی نہیں آیا جو عمران خان لا رہے ہیں، پاکستان ایک پارٹی سسٹم کی طرف بڑھ رہا ہے اور جس بری طرح میڈیا کو دبایا جارہا ہے وہ بھی پہلے کبھی نہیں ہوا۔

وزیراعظم کے دورہ امریکہ پر بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تجارت پر زیادہ بات چیت ہوتی تو پاکستان کے لیے زیادہ مفید رہتا تاہم ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر جو بیان دیا وہ حوصلہ افزا ہے۔

حکومت کی وزیر برائے موسمیات زرتاج گل کا کہنا تھا کہ ہم نے میڈیا مالکان کو نہیں کہا کہ وہ مریم نواز کی کانفرنس نہ دکھائیں، وہ بھی جانتے ہیں کہ یہ روز ابو بچاؤ مہم چلانے آجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ذرائع ابلاغ پر قدغن نہیں لگا رہی ہم اس آزاد میڈیا کے سب سے بڑے سپورٹر ہیں۔

اپوزیشن پر پابندیوں کے سوال پر حکومتی رہنما نے کہا کہ کس نے ان کو جلسے کرنے سے روکا یہ لوگ انتظامیہ کے پاس جائیں اگر اجازت مل جاتی ہے تو کریں۔

وزیر مملکت نے کہا عمران خان کا دورہ امریکہ مجموعی طور پر کامیاب رہا اور وہاں کے لوگوں کو پہلی بار محسوس ہوا کہ وہ غلام قوم سے نہیں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان کی اپوزیشن جماعتیں 25 جولائی کو اس لیے یوم سیاہ منائے گی کہ اس روز عوام نے ان کو رد کر دیا تھا۔

سینیٹ میں تبدیلی سے متعلق حکومتی ترجمان نے کہا کہ اپوزیشن نے چیئرمین کو متنازعہ بنا دیا ہے، ہم کسی پر دباؤ نہیں ڈالیں گے کیوں کہ یہ ایک جمہوری عمل ہے۔

پیپلزپارٹی رہنما دوست محمد کھوسہ کا کہنا تھا کہ عمران خان بحیثیت وزیراعظم امریکہ گئے تھے لیکن انہوں نے سربراہ مملکت کے تمام پروٹول توڑے جو دفترخارجہ کی ناکامی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک عمران ٹرمپ ملاقات کے ثمرات سامنے نہیں آتے اس پر کوئی بھی بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ اس سے بد ترین دور کبھی میڈیا پر نہیں آیا، ماضی میں اس قسم کے چند واقعات پیش آجاتے تھے لیکن اب صورتحال بہت سنگین ہے۔

پرویز مشرف کے دورمیں میڈیا پر سختی کی گئی تھی لیکن پھر جو ہوا وہ سب نے دیکھا، موجودہ حکومت کو چاہیے ماضی سے سبق سیکھے۔


متعلقہ خبریں