سندھ کے ضلع سانگھڑ میں تیل وگیس کے نئے ذخائر دریافت


اسلام آباد: رواں سال صوبہ سندھ میں آئل اینڈ گیس کی تلاش کا دوسرا منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے ۔ سندھ کےضلع سانگھڑمیں بھی تیل وگیس کےنئےذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل )کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ سانگھڑکےعلاقےپاندھی میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے3600 میٹر تک ڈرلنگ کی گئی جس کے بعد تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق نئی دریافت سےیومیہ 520 بیرل خام تیل حاصل ہو گا جبکہ پاندھی گیس فیلڈ سےابتدائی طورپریومیہ91 لاکھ 20 ہزارمکعب فٹ گیس حاصل ہو گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈومحمد خان کے علاقہ منگریو میں بھی تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

رواں سال مئی کے دوسرے ہفتے میں  او جی ڈی سی ایل کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق منگریو میں ویل نمبر ایک کی 2676میٹر کھدائی کے بعد تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

کمپنی اعلامیے میں کہا گیاہے کہ ابتدائی طور پر 10.44 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور 120 بیرل یومیہ کنڈنسیٹ کے ذخائر ملے ہیں۔

او جی ڈی سی ایل یہاں 95 فیصد شراکت داری کے ساتھ آپریٹنگ کمپنی ہےجب کہ بقیہ 5 فیصد حصص گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کے پاس ہیں۔

یاد رہے گزشتہ ماہ کی 19تاریخ کو ماڑی پٹرولیم نے بھی پنجاب میں تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنا ئی تھی۔

ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاتھا کہ غوری بلاک کےڈھاریاں 1معدنی کنویں سےتیل دریافت ہوا ہے۔ڈھاریاں ون سے 372بیرل یومیہ خام تیل ملنےکی توقع ہے۔

ترجمان کے مطابق ماڑی پٹرولیم کی یہ پنجاب میں دوسری بڑی دریافت ہے۔ تیل کی نئی دریافت تحصیل گوجرخان کے قریب ڈھاریاں۔1 کے مقام پر کی گئی۔نئی دریافت ملک میں انرجی بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت


متعلقہ خبریں