اردو لغت کی موبائل ایپلیکیشن صارفین میں بے حد مقبول


اردو لغت بورڈ  اردو زبان کی ترویج اور فروغ کے لئے سرگرم عمل  ہے ۔ اس  بورڈ کی کاوشوں سے منظر عام پر آنے والی  دو جلدوں پر مشتمل مختصر اردو لغت کو بے حد پذیرائی ملی ہے۔ لغت کی موبائل ایپلیکیشن بننے کے بعد صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ 

وفاقی حکومت کے ادارے اردو لغت بورڈ نے 22 جلدوں کی ہزاروں صفحات پر مشتمل لغت کو دو جلدوں میں منتقل کر کے مختصر اردو لغت کے نام سے ڈکشنری تیار کرلی ہے۔

اس منصوبے کو شروع اور مکمل کرنے والے نامور ادیب عقیل عباس جعفری  کا کہناہے کہ دور جدید کے تقاضوں کے پیش نظر لغت کی موبائل ایپلیکیشن بھی بنائی گئی ہے۔ جس میں تلفظ جاننے کے لئے اسپیکر کا آپشن بھی رکھا گیا ہے ۔

عقیل عباس جعفری نے بتایاہے کہ اس اپلیکیشن کے بعد صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اور وہ اس سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔

اردو لغت بورڈ کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو پتہ چلتاہے کہ  اردو زبان میں ایک ایسی ہی لغت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے وفاقی وزارت ِتعلیم کی ایک قرار داد کے ذریعہ ۱۹۵۸ء میں کراچی میں ’’ترقی اردو بورڈ‘‘ ( اردو ڈیو لپمنٹ بورڈ ) کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا گیا ۔

ادارے کے قیام کے مقاصد اردو زبان و ادب کی ترقی و اشاعت اور خاص طور پر لغت نگاری تھا۔ قرار داد کے مطابق اسٍ ادارے کے بنیادی مقاصد یہ تھے کہ اردو ترقی بورڈ لسانیاتی قواعد اور اصولوں کی راہنمائی میں آکسفورڈ ڈکشنری کی طرز پر اردو زبان کی ایک جامع لغت تیار کرے گا اور ساتھ ساتھ ایسے اقدامات اٹھائے گا جو اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج کے لئے سود مند ہوں گے۔

 چونکہ قرار داد کے تحت قائم ہونے والے اس ادارے کا بنیا دی مقصد اردو لغت نویسی پر کام کرنا تھا اس لئے اس بنیادی مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ۱۹۸۲ء میں ایک قرار داد کے تحت اس ادارے کا نام ’’اردو ترقی بورڈ‘‘ سے تبدیل کر کے ’’اردو لغت بورڈ ‘‘( اردو ڈکشنری بورڈ) رکھ دیا گیا اور اب یہ ادارہ اسی نام سے موجود ہے۔

اردو لغت بورڈ کے قیام کی اہمیت کے بارے میں بورڈ کے ایک صدر محمد ہادی حسین نے یوں تبصرہ کیا تھا:

’’یہ بات پاکستانی قوم کے لیے یقینا باعث ِ فخر و مباہات سمجھی جائے گی کہ انگریزی کے علاوہ دنیا کی کسی دوسری زبان میں اب تک اس قبیل اور اس پائے کی لغت شائع نہیں ہوئی۔اگرہم اسے اپنا ایک قومی شاہ کار کہیں تو کیا یہ ایک مبالغہ آمیزدعویٰ ہوگا۔‘‘

اردو ڈکشنری بورڈ ،اردو زبان و ادب کے فروغ اور خاص طور پر اردو زبان کی ایک جامع لغت کی تیاری کے منصوبے کے ساتھ وجود میں آیا۔

بورڈ کی خوش قسمتی رہی کہ اس کے صدور اور مدیرانِ اعلی کی صف میں اردو زبان و ادب کے نہ صرف بڑے نام شامل رہے،بلکہ ان میں سے ہر ایک کی زبان دوستی بھی بے مثال تھی اور یہی وجہ ہے کہ ان میں سے ہر ایک نے بورڈ کے تحت لغت نگاری کے اس عظیم منصوبے او ر اس طرح اردو زبان کے فروغ کے لئے اپنا اپنا حصّہ بخوبی ملایا۔

یہ بھی پڑھیے: اردو زبان کی ترویج: پنجاب اسمبلی سپریم کورٹ کے احکامات نظرانداز کر رہی ہے


متعلقہ خبریں