سرفراز کو کپتان برقرار رکھا جائے، عبدالقادر


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر سرفراز احمد کو ہی کپتان برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم کو نائب کپتان بنادیا جائے۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد میچ جیتنے کی کی ذہنیت کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں اور کئی مرتبہ پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا ہے، انہیں ہی تینوں فارمیٹ کا کپتان ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں: لندن: سرفراز کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیو وائرل

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز دو یا تین سال بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لے سکتے ہیں اور تب تک بابر اعظم کپتانی کے لیے تیار ہوجائیں گے۔

سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ بابر ابھی کپتانی کے لیے تیار نہیں ہیں تاہم انہیں سرفراز کا نائب بناکر اس عہدے کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے۔

عبدالقادر محسن حسن خان کو ٹیم کا بیٹنگ کوچ بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بطور کوچ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ہم نے انگلینڈ کو ان ہی کے دور میں 0-3 سے شکست دی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچ کی ضرورت ہے جبکہ ان کے ہونے کے بعد ہیڈ کوچ کی ضرورت ختم ہوجاتی ہے۔


متعلقہ خبریں