حزب اختلاف کا یوم سیاہ، چاروں صوبوں میں جلسوں کا انعقاد


اسلام آباد: حزب اختلاف کی بیشتر سیاسی جماعتوں نے آج یوم سیاہ منایا جس کے تحت چاروں صوبوں میں جلسے منعقد کیے گئے۔

لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا یوٹرن ماسٹر نے عوام کو خودکشی کے لیے مجبور کردیا۔

عمران خان جو کسی کو این آر او نہ دینے کی بات کرتے ہیں وہ اپنی بہن کو این آر او دے چکے ہیں۔ نیازی اور نیب ایک ہو چکے ہیں لیکن وقت دور نہیں جب نیا سورج طلوع ہوگا۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جلد نواز شریف آئے گا اور دوبارہ پاکستان بنائے گا، جب تک جان میں جان ہے نوازشریف اور میں عوام کے قدموں کی خاک بنے رہیں گے۔

یوم سیاہ منانے کا فیصلہ متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے کیا تھا اور تمام جماعتوں نے کہا تھا کہ جلسوں سے متعلق انتظامیہ کو صرف آگاہ کیا جائے گا تاہم اجازت طلب نہیں کی جائے گی۔

ن لیگ کی میزبانی میں چیئرنگ کراس چوک لاہور میں جلسہ ہوا جس میں پیپلزپارٹی پنجاب، جمیعت علمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت شریک ہوئی۔

یہ بھی جانیں: 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا اعلان، اے پی سی اعلامیہ

پشاور میں  موٹر وے رنگ روڈ پر جلسہ ہوا جس میں اے این پی کے قائد اسفند یار ولی خان، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیرپاؤ، نیشنل پارٹی کے رہنما حاصل بزنجو، مسلم لیگ ن کے احسن اقبال اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نے خطاب کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  آج وہ سیاہ دن ہے جس پر قوم کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا اور ہم نے اس حکومت کو کل بھی تسلیم نہیں کیا تھا اور آج بھی تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ  دو روز بات کوئٹہ میں بھی ملین مارچ ہوگا اور ہم ہم اسلام آباد بھی جائیں گے تمام کارکنان کو جذبہ جہاد اور شوق شہادت کے ساتھ نکلنا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جس میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر قیادت شریک ہوئی۔

کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جب پاکستان ایٹمی قوت بن رہا تھا تو بلوچستان نے اپنا سینہ پیش کیا اسی لیے نواز شریف کو اس صوبے سے محبت ہے۔

ان کا کہنا تھا نواز شریف نے وعدہ کیا کہ وہ  آئین کی پاسداری سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ نواز شریف آئین کی پاسداری کی پاداش میں جیل میں قید ہے اور ہمارے لیے پچھلے ایک سال سے ہر دن یوم سیاہ ہے۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف اور کو آصف زرداری کو رہا کیا جائے۔


متعلقہ خبریں