پاکستان میں نئی آن لائن ٹیکسی سروس متعارف


اسلام آباد: چین کی کمپنی نے پاکستان میں کریم اور اوبر کی طرز پر ٹرانسپورٹ سروس لانے کے ساتھ  ساتھ پانچ مختلف اور اہم سروسز میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا جس کی ابتدائی لاگت دو کروڑ ڈالر رکھی گئی ہے جو بڑھ کر 60 کروڑ تک جا سکتی ہے۔

چینی کمپنی ٹائم ایکسو کے سی ای او ڈونلڈ لی نے بتایا کہ ہماری کمپنی پاکستان کے شہریوں کو تیز ترین ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنے کے علاوہ کارگو سروس، ڈیلیوری سروس، موبائل اے ٹی ایم سروس اور گاڑیوں کے اشتہارات کی سروس بھی مہیا کرنے جا رہی ہے۔

ان کا کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر یہ سروس پاکستان کے چھ بڑے شہروں کراچی، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں شروع کی جائے گی جس کا دائرہ کار بعد ازاں مزید شہروں تک بڑھایا جائے گا۔

ڈونلڈ لی نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل اسلام آباد میں تین سروسز کا پری لانچ کر دیا گیا ہے، جن میں براق (ٹیکسی سروس)، فیما (فوری ڈیلیوری سروس ) اور کارگو سروس شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جو لوگ اس ٹیکسی سروس میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں وہ اپنی گاڑی کمپنی میں رجسٹر کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ براق کے ڈرائیورز کو کمائی کا 97 فیصد حصہ دیا جائے گا جس میں سے دو فیصد کمپنی رکھے گی جبکہ ایک فیصد حصے کو کمپنی سے منسلک ڈرائیورز کے کلب کے لئے رکھا جائے گا جس کا مقصد ان کے خاندان کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لوگ اپنی گاڑیاں، موٹر سائیکل، رکشہ، پک اپس، چنگچی لوڈرز اور ٹرک کمپنی میں رجسٹر کرا سکتے ہیں اس طرح وہ کئی طریقوں سے کمائی کر سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں