پاک امریکہ تعلقات ازسر نو استوار ہو چکے، ترجمان دفتر خارجہ

عالمی برادری بھارت کے آزاد کشمیر سے متعلق بیانات کا نوٹس لے

فائل فوٹو


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ دو ٹوک اعلان کرتے ہیں پاک امریکہ تعلقات ازسر نو استوار ہو چکے ہیں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے ڈومور کا کہیں ذکر نہیں جبکہ تعلقات باہمی مفادات کے اصول پر آگے بڑھانے پر اتفاق ہو چکا ہے۔

وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان نے امن استحکام کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق دونوں رہنماؤں نےخطے میں قیام امن پر مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے کشمیر کا مسئلہ حل کرانے میں ثالثی کی پیشکش کی جبکہ دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔

انہوں نے کہا کہ کرتار پور کے حوالے سے پاکستان اگلی میٹنگ کے لیے تیار ہے تاہم بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کلبھوشن یادیو کے ساتھ پاکستانی قوانین کے مطابق سلوک ہوگا، وزیر خارجہ

ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج معصوم کشمیریوں کا قتل عام بند کرے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈریز پر خلاف ورزی کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان نے پڑوسی ملک کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج کیا۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بات کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ قونصلر رسائی دینے کے لئے ان کو اور بھارتی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ عالمی عدالت کے فیصلے پر عمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔


متعلقہ خبریں