فلم سپر اسٹار کا نیا گانا ’غلط فہمی‘ ریلیز کر دیا گیا



اسلام آباد: مومنہ اور درید پروڈکشنز اور ہم فلمز کی شراکت سے بننے والی فلم سپر اسٹار کا نیا گانا ’’غلط فہمی‘‘ ریلیز کر دیا گیا۔

گانا ’’غلط فہمی‘‘ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر چھا گیا اور چند گھنٹے میں ہی لاکھوں لوگوں نے اس گانے کو سنا اور پسند کیا۔

اس سے قبل ریلیز ہونے والے گیت ’نوری‘ نے دھوم مچا دی تھی اور یوٹیوب پر اب تک اسے نو لاکھ سے زائد شائقین دیکھ چکے ہیں۔

’نوری‘ میں ماہرہ خان کے غیرمعمولی رقص نے جہاں شائقین کو مسحور کر دیا وہاں اس کی موسیقی بھی چاروں اور چھا گئی۔

یاد رہے اس سے قبل فلم کا ایک اور گانا ’ان دنوں‘ریلیز کیا گیا تھا جس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے تھے۔

عاطف اسلم کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا یہ گانا فلم کے مرکزی اداکاروں ماہرہ خان اور بلال اشرف پر فلمایا گیا ہے۔ گانے میں دونوں کو بطور پریمی جوڑا دکھایا گیا ہے۔


فلم سپر اسٹار کے گانے ’ان دنوں‘ کے بول شکیل سہیل نے تحریر کیے ہیں جبکہ اس کی موسیقی آذان سمیع خان اور سعد سلطان نے دی ہے۔

’ان دنوں‘ میں ماہرہ خان کے زیب تن کیے گئے ملبوسات کو بھی شائقین کی جانب سے بہت پذیرائی مل رہی ہے۔ خوبصورت رنگوں کے امتزاج والے ان مشرقی ملبوسات کو نیا فیشن ٹرینڈ تصور کیا جا رہا ہے۔

ماہرہ اور بلال پر فلمائے گئے اس گیت نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی جانب سے بھی بہت داد سمیٹی ہے۔ ’ان دنوں‘ کا ذکر مشہور خبر رساں اداروں نے جلی حروف میں کیا ہے۔

سال کی سب سے بڑی فلم کے پہلے گانے ’بے کراں‘ نے ریلیز ہوتے ہی شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا جبکہ ماہرہ اور بلال کو دیکھنے والوں نے فلم انڈسٹری کی بہترین جوڑی قرار دیا تھا۔

سپر اسٹار کے ہدایتکار احتشام الدین ہیں اور یہ فلم علی اور مصطفٰی آفریدی کی تحریر ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ ماہرہ خان اور بلال اشرف پر مشتمل ہے جبکہ دیگر ستاروں میں ندیم بیگ، جاوید شیخ، مرینہ خان، عاصمہ عباس، سیفی حسن اور مانی کے نام شامل ہیں۔

مومنہ اینڈ درید فلمز اور ہم فلمز کے بینر تلے بننے والی ’سپر اسٹار‘ کو ناظرین عید الاضحیٰ پر سینما گھروں میں دیکھ سکیں گے۔


متعلقہ خبریں