لاہور کی بائیو میکنکس لیب کو آئی سی سی کی منظوری مل گئی


لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز (لمز)میں قائم کردہ بائیو میکنکس لیب کی منظوری دے دی۔

ہم نیوز کے مطابق لیب میں قومی اور غیرملکی کھلاڑیوں کے مشکوک اور غیر قانونی بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کئے جاسکیں گے، اس کے علاوہ لیب میں کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیاں بھی دور کی جاسکیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لمز کے اشتراک سے قائم کردہ بائیومیکنکس لیب دنیا کا پانچواں ٹیسٹ سنٹر ہے۔

اس سے قبل بائیو میکنکس لیب آسٹریلیا (برسبین)،انگلینڈ (لف برا)، بھارت (چنائے) اور آسٹریلیا (پریٹوریا)  کام کررہی ہیں۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے ایم ڈی پی سی بی بورڈ وسیم خان نے کہا ہے کہ بائیو میکنکس لیب کی منظوری پی سی بی کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ایک اور کامیاب کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے کھلاڑیوں کو بولنگ ایکشن تبدیل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا، لمز میں قائم کردہ بائیو میکنکس لیب بولرز کی مشکلات دور کرنے میں مدد کرے گی۔

اس حوالے سے جنرل منیجر کرکٹ آئی سی سی جیف الارڈائس نے کہا کہ لیب کی منظوری پی سی بی کی مشکوک اور غیر قانونی بولنگ ایکشن سے نمٹنے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں