ایک اور رکن صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی میں شامل


قبائلی ضلع خیبر کےحلقہ پی کے 107 سے کامیاب آزاد رکن صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے شفیق آفریدی کو پارٹی مفلر پہنایا۔

پی ٹی آئی کے ناراض رکن شفیق آفریدی نے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

قبائلی اضلاع سے حکمراں جماعت کی نشستوں کی تعداد اب چھ ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم، تحریک انصاف وفود کی ملاقات کی اندرونی کہانی

خیال رہے کہ دو روز قبل جہانگیر ترین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) رہنماؤں سے ملنے کراچی میں بہادر آباد گئے تھے جس کے دوران متحدہ نے تحریری معاہدے کو تحریک انصاف کے رہنما کے سامنے پھر رکھ دیا۔

متحدہ نے شکوہ کیا کہ مئیر کراچی و حیدرآباد کے لیے مختص فنڈز، کراچی پیکج، بلدیاتی اختیارات، آفسز کی واپسی اور لاپتہ و اسیر کارکنان کی بازیابی ابھی تک ممکن نہیں ہوسکی ہے۔

ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کا کام بھی سست روی کا شکار ہے۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے شہری سندھ کو تباہ کردیا ہے جبکہ ملازمتوں میں متعصبانہ پالیسی اور اختیارات کی عدم فراہمی نے کراچی کے انفراسٹکچر  کو تباہ کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں