’عوام نے حزب اختلاف کو حوصلہ افزاء جواب نہیں دیا‘



اسلام آباد: تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے مختلف شہروں میں کیے گئے جلوسوں میں عوام نے بھرپورشرکت نہ کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ ان کا ایجنڈا درست نہیں ہے۔

پروگرام ویوزمیکرز میں میزبان زریاب عارف سے گفتگو کرتے ہوئے سئینر تجزیہ کار عامر ضیاء نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو عوام سے متاثرکن جواب نہیں ملا ہے۔ حزب اختلاف کو تشویش ہونی چاہیے کہ وہ سارے اکٹھے ہو کر نکلے لیکن عوام ان کے ساتھ نہیں نکلے ہیں۔ حکومت کے لیے ایک سال کی مدت کچھ نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود اپوزیشن کے پاس ایسا کوئی نعرہ نہیں ہے جس پر عوام باہر نکلیں۔

سینیئر تجزیہ کار ناصر بیگ چغتائی نے کہا کہ یہ ملا جلا رحجان تھا لیکن اپوزیشن اسے تحریک کی شکل دینے میں ناکام رہی ہے۔ حکومت کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے لیکن عمران خان کی مقبولیت اب بھی برقرار ہے۔

تجزیہ کار سید ثمر عباس نے کہا کہ متحدہ جلسے کی ذمہ داری کوئی نہیں لیتا اس لیے اس کے کامیاب ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ اپوزیشن کے جلسوں میں بندے کم اور جھنڈے زیادہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے نہ آنے کی بڑی وجہ عوامی معاملات سے دوری ہے۔

تجزیہ کار اطہرکاظمی نے کہا کہ اپوزیشن کا جو بیانیہ تھا وہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ گیا ہے۔ عوام نے انہیں 25 جولائی 2018 کو مسترد کیا تھا اور اب بھی مسترد کردیا ہے۔

تجزیہ کار شاہدلطیف نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے بھی کوشش کی لیکن ناکامی ہوئی ہے۔ اپوزیشن کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں ہے اس لیے وہ عوام کو نکالنے میں ناکام ہوئے ہیں۔

احتساب کو سیاسی استحکام کے لیے سرد خانے میں ڈال دینے سے متعلق سوال کے جواب میں عامر ضیاءنے کہا کہ ملک میں پہلی باربڑے لوگوں کا احتساب ہورہا ہے۔ آج ملک کے جو حالات ہیں یہ ماضی کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ احتساب کا نعرہ عمران خان کی سیاست کی بنیاد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معیشت اور احتساب دو الگ الگ چیزیں ہیں۔

سید ثمرعباس نے کہا کہ ملک میں بدترین معاشی بحران ہے، اگر حکومت ہر وقت احتساب کی بات کرے گی تو خوف پھیلے گا۔ سیاسی عدم استحکام سے معاشی استحکام آتا ہے۔

اطہرکاظمی کا کہنا تھا کہ معیشت اور احتساب کی ٹیمیں الگ الگ ہیں، دونوں کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے۔ جب تک کڑا احتساب نہیں ہوگا معیشت پر اچھے اثرات نہیں ہوسکتے۔

ناصربیگ چغتائی نے کہا کہ حکومت نے اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا کرے کیونکہ کچھ لوگوں کو نشانہ بنانے اور کچھ کو چھوڑ دینے سے پورا عمل ہی متنازعہ ہوجاتا ہے۔

شاہد لطیف نے کہا کہ اگر حکومت احتساب کرنا چاہتی ہے تو اس نظام کو درست کردے اس سے احتساب بھی اچھی طرح ہوگا اور ساکھ پر بھی کوئی سوال نہیں اٹھے گا۔

تحریک انصاف کے انتخابی وعدوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں ثمرعباس نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو بہت خواب دکھائے تھے لیکن انہوں نے اس طرح کام نہیں کیا ہے۔ کسی کو اب تک گھر نہیں ملا، لوگوں کی نوکریاں چلی گئی ہیں۔

ناصر بیگ چغتائی نے کہا کہ عمران خان نے عوام سے بہتر زندگی دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ ایک سال میں اس طرف جانے میں ناکام رہے ہیں۔ عوام کو پہلے سے زیادہ مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عامرضیاء نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں سیاسی اسٹبلشمنٹ کو ہلا دیا ہے۔ انہوں نے ایک سال میں بہت کچھ کیا ہے۔

اطہرکاظمی نے کہا کہ عمران خان نے احتساب کا سب سے بڑا نعرہ لگایا تھا اور اب وہ بھی یہی کام کررہے ہیں۔ عمران خان کو عام آدمی سے جڑے نظام میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔

شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے معاشی حالات سے متعلق وعدہ کیا تھا لیکن اب تک اس شعبے میں کوئی بہتری نہیں ہوئی ہے۔ عوام ریلیف کے لیے اب بھی منتظر ہیں۔

پاک امریکہ برابری کی سطح کے تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں شاہدلطیف نے کہا کہ اس دورے میں امریکہ کا رویہ تبدیل ہوتا نظر آیا ہے۔ عامرضیاء کا تجزیہ تھا کہ برابری کے تعلقات برابر کے ممالک میں ہوتے ہیں۔ امریکہ اور پاکستان کے درمیان برابری کے تعلقات نپہیں ہوسکتے، وہاں سے ڈومور کا تقاضا اب بھی ختم نہیں ہوا ہے۔

ناصربیگ چغتائی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان برابری کی سطح پر اس لیے تعلقات نہیں ہوسکتے کیونکہ سارا اختیار امریکہ کے پاس ہیں، وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک میں رابطے ہوئے ہیں۔

اطہرکاظمی نے کہا کہ اس دورے کے دوران عمران خان نے اپنی سیاست اور مقبولیت کو بہت اچھی طرح استعمال کرکے وہاں بہت مثبت پیغام دیا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں کچھ بہتری بھی آئی ہے۔

سیدثمرعباس کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کی برابری کی سطح پر نہیں آسکتا ہے، انہوں نے ڈومور کا مطالبہ سختی کے بجائے نرمی سے کیا ہے۔ افغان امن عمل کو کامیاب بنانے کی ہم نے بہت بڑی ذمہ داری لے لی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:اسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق عمران خان کا دعویٰ درست نہیں


متعلقہ خبریں