آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد: ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

جبکہ کوہاٹ، بنوں،  ڈی آئی خان، ژوب، قلات، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور ، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں جبکہ جمعہ سے ہفتہ کے دوران ژوب، قلات اور ڈی جی خان ڈویژن میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریاوٰں /برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

تیز بارشوں کے باعث ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں  پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

اس دوران لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور ڈویژن کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ  ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

گزشتہ روز راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ اور کوہاٹ ڈویژن میں چند مقامات پر  تیز ہواوٗں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران چند مقامت پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش اسلام آباد (سید پور158، زیروپوائینٹ 123، گولڑہ 66، بوکرہ 32، ائیرپورٹ 11)، راولپنڈی (شمس آباد 116، چکلالہ 93)، ناروال 89، لاہور (ائیرپورٹ 82، سٹی 52)، جہلم 65، سیالکوٹ (ائیرپورٹ 50، سٹی 43)، گوجرانوالہ 42، گجرات 40، منگلہ 29، مری 27، قصور13، منڈی بہاوٰالدین، حافظہ آباد 10، چکوال 08 ، اٹک 03، مظفرآباد (سٹی 127، ائیرپورٹ 28)، گڑھی دوپٹہ 31 کوٹلی 24، راولاکوٹ 10، خیبر کاکول 89، پاراچنار30، بالاکوٹ 23، مالم جبہ 14، دیر06، سیدوشریف 02، کراچی میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث حادثات:

بالاکوٹ کے علاقے شاہراہ ناران بٹہ کنڈی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث  دس گھنٹے سے بلاک ہے جس کی وجہ سے  ہزاروں گاڑیاں پھنس گئی۔

دوسری جانب ناران میں بارش کے باعث آنے والے سیلابی نالے میں دو افراد بہے گئے ، دونوں افراد کی لاشیں تاحال نہ مل سکیں۔

ملک بھر میں ہونی والی موسلادھار بارش کے باعث  اکثر علاقوں میں بجلی غائب ہے اور کئی نشیبی علاقے زیر آب گئے ہیں۔

حالیہ بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد پچپن سے تجاوز کر گئی ہے، دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے ۔

لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، ژوب، قلات اور پشاور میں مزید بارشوں سے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے مون سون کے بادل کراچی کا رخ کریں گے،  شہرقائد سمیت سندھ اور بلوچستان میں بارشیں ہوں گی۔

 


متعلقہ خبریں