لاہور: ریلی نکالنے پر شہباز شریف سمیت 1900 افراد کیخلاف مقدمہ درج


لاہور: لاہور پولیس نے مال روڈ پر ریلی نکالنے پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما قمر زمان کائرہ سمیت 1900 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مقدمہ مختلف سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے،  حکومت مخالف تقاریر کرنے کی دفعات پر درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ دفعہ 147، 149، 290، 291، 353، 186، 427 اور ساؤنڈ سسٹم  ریگولیشن ایکٹ کے تحت درج ہوا۔

مزید پڑھیں: حزب اختلاف کا یوم سیاہ، چاروں صوبوں میں جلسوں کا انعقاد

مقدمہ میں پنجاب مینٹینس آف پبلک آرڈیننس کی دفعات بھی شامل ہیں جسے ایس ایچ او سول لائنز  بابر ارشد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان جو کسی کو این آر او نہ دینے کی بات کرتے ہیں, وہ اپنی بہن کو این آر او دے چکے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور نیب ایک ہو چکے ہیں لیکن وقت دور نہیں جب نیا سورج طلوع ہوگا۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جلد نواز شریف آئے گا اور دوبارہ پاکستان بنائے گا، جب تک جان میں جان ہے نوازشریف اور میں عوام کے قدموں کی خاک بنے رہیں گے۔


متعلقہ خبریں