کراچی: فرانزک لیب تین سال میں مکمل ہو گی، وزیراعلیٰ کوبریفنگ


کراچی: کراچی میں فرانزک لیب منصوبہ آئندہ تین سال میں مکمل ہوگا، اس مقصد کے لیے بن قاسم میں 30 ایکڑ زمین لے لی گئی ہے۔ ہم نیوز کے مطابق یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتائی گئی جو متعلقہ حکام نے دی۔ بریفنگ میں وزرا، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ فرانزک لیب منصوبہ 2016 میں منظور ہوا تھا اور اس کے لیے دو ارب 60 کروڑ روپے منظور کیے گئے تھے۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں منصوبے کے لیے پانچ کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جب کہ گزشتہ مالی سال میں اس مقصد کے لیے 22 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ فرانزک لیب میں آڈیو وژیول انالائیسزاور کمپیوٹر فرانزک کی سہولتیں ہوں گی۔ فرانزک لیب میں کرائم سین انویسٹی گیشن، ڈی این اے، فرانزک فوٹوگرافی، منشیات ، پولی گراف، فائر آرمز، دستاویزات کو جانچنے، فنگر پرنٹس اور دھماکہ خیز مواد کی تحقیقات کی سہولتیں بھی موجود ہوں گی۔

حکومت سندھ کی جانب سے قائم کی جانے والی فرانزک لیب میں گاڑیوں کے معائنے کے لیے خصوصی یونٹ کام کرے گا جب کہ اسپیشلائیز کرائم سین یونٹس بھی پوری طرح سے متحرک ہوگا۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب اس منصوبے میں حکومت سندھ کو تیکنیکی معاونت فراہم کررہی ہے۔ فرانزک لیب کے حوالے سے اظہار دلچسپی کے نوٹسز کو مختلف اخبارات میں بھی شائع کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فرانزک لیب کی سہولتیں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور لاڑکانہ میں موجود ہوں گی۔میرپورخاص میں فرانزک لیب کی سہولت فراہم کرنے کی منظوری وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بعد میں دی ہے تاکہ یہ سہولت وہاں کی آبادی کو بھی میسر آسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈی این اے لیب لیاقت یونیورسٹی جامشورو نے اب تک ایک ہزار مقدمات کی تحقیقات میں معاونت کی ہے۔ جن مقدمات میں ڈی این اے لیب سے مدد حاصل کی گئی ہے ان میں سے 66 فیصد کراچی کے تھے جب کہ باقی 33 فیصد اندرون سندھ اور صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھتے تھے۔


متعلقہ خبریں