حکومت کا حزب اختلاف کو احتجاج پر سخت رد عمل دینے کا فیصلہ

حزب اختلاف کا احتجاج ، حکومتی ترجمانوں کا اجلاس طلب

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو حزب اختلاف کے احتجاج پر سخت ردعمل دینے کی ہدایت جاری کر دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں آج حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا ، معاونین خصوصی اور حکومتی ترجمان شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترجمان حکومت کا مثبت چہرہ عوام کے سامنے لائیں۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ بھی زیر غور آیا جس میں  نمبر گیم سے متعلق  وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

اس دوران وزیراعظم نے دورہ امریکہ پر حکومتی ترجمانوں کو اعتماد میں بھی لیا۔

یاد رہے گزشتہ روز حزب اختلاف کی بیشتر سیاسی جماعتوں نے یوم سیاہ منایا جس کے تحت چاروں صوبوں میں جلسوں کا انعقاد کیا گیا ۔

لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا یوٹرن ماسٹر نے عوام کو خودکشی کے لیے مجبور کردیا۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جلد نواز شریف آئے گا اور دوبارہ پاکستان بنائے گا، جب تک جان میں جان ہے نوازشریف اور میں عوام کے قدموں کی خاک بنے رہیں گے۔

یوم سیاہ منانے کا فیصلہ متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے کیا تھا اور تمام جماعتوں نے کہا تھا کہ جلسوں سے متعلق انتظامیہ کو صرف آگاہ کیا جائے گا تاہم اجازت طلب نہیں کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں