فاسٹ بولر محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

مجھے نکالنے کی اصل وجہ کارکردگی نہیں ہے، محمد عامر کا دعویٰ

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے تاہم وہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلامیے میں بتائی گئی جس کے مطابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے اعزاز کا باعث تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ میچز اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2020 میں شرکت کے لیے اپنی فارم اور فٹنس برقرارکھنے کی کوشش کریں گے۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا، وہ پی سی بی کے شکرگزار ہیں جنہوں نے انہیں سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔

اس موقع پر ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ محمد عامر کا شمار موجودہ دور کے بہترین ٹیسٹ بولرز میں ہوتا ہے، قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم گراؤنڈ اور ڈریسنگ روم میں محمد عامر کی کمی محسوس کرے گی۔

محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 36 ٹیسٹ میچوں میں 30 کی اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں۔

اپریل 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میچ میں 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بہترین بولنگ تھی۔


متعلقہ خبریں