حکومت پنجاب کا ٹیکس ادائیگی کیلئے ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ


لاہور: حکومتِ پنجاب نے ٹیکس کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لئے ایک نئی موبائل ایپلیکیشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب کے وزیرِ خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت نے لاہور میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور وزارتِ خزانہ کے مشترکہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے کے لئے موبائل ایپلیکیشن جلد صوبے میں متعارف کرا دی جائے گی جس کی مدد سے عوام گھربیٹھے اپنے ٹیکس ادا کرسکیں گے۔

ملک بھر میں ٹیکس کی ادائیگی ایک پیچیدہ عمل ہے جس میں عوام کو گھنٹوں قطاروں میں لگ کے ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔

مخدوم ہاشم کا کہنا تھا کہ اس سے رشوت اور بدعنوانی کی فضاء کو فروغ ملتا ہے کیوں کہ عوام قطاروں کی جھنجٹ میں نہیں پڑنا چاہتے۔ موبائل ایپلیکیشن سے عوام با آسانی اپنے ٹیکس ادا کر پائیں گے۔

ایپلیکیشن متعارف کرنے کے بعد پہلے مرحلے میں عوام 12 مختلف قسم کے ٹیکس ادا کر پائیں گے، جن میں ٹوکن ٹیکس، گاڑی رجسٹریشن، گاڑی کی منتقلی، جائیداد ٹیکس، کاروبار رجسٹریشن ٹیکس اور سیلز ٹیکس شامل ہیں۔ مستقبل میں اس میں مزید ٹیکس بھی شامل کئے جائیں گے۔

عوام کی سہولت کے لئے موبائل ایپلیکیشن میں ادائیگی کے مختلف طریقے بھی مہیا کئے جائیں گے۔

صارفین موبائل بینکنگ، اے ٹی ایم اور بینک جا کر بھی ٹیکس ادا کر پائیں گے۔ پنجاب کے وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ادائیگی کے طریقوں کو بھی وسیع کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں