سی اےاے: ہوائی اڈوں پہ پلاسٹک بیگوں کے استعمال پر پابندی عائد

ترکی میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن آمد

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے) نے ملک بھر میں قائم تمام ہوائی اڈوں پہ پلاسٹک بیگوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کی گئی ’کلین اینڈ گرین مہم‘ کے تحت سی اے اے نے پلاسٹک بیگوں کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سیکریٹری سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے ماتحت افسران کو سختی سے ہدایات دی ہیں کہ وہ جہازوں میں مسافروں کو پیش کیے جانے والے کھانے بھی پلاسٹک کی تھیلیوں میں پیک کٹلری کے ساتھ نہ دیں۔

سی اے اے حکام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ صحتمند اور انسان دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لیے کاغذ اور ماحول دوست بیگوں کا استعمال کریں۔

ہم نیوز کے مطابق ملک کے تمام ہوائی اڈوں پہ قائم ریسٹورنٹس اور دیگردکان مالکان کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ملنے والے حکمنامے پہ عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قیمت پر پلاسٹک بیگوں کا استعمال نہ ہونے دیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ وزیراعظم کی جانب سے شروع کردہ کلین اینڈ گرین مہم پر عمل پیرا ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں 16 جولائی 2019 کو اسلام آباد میں پلاسٹک بیگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی تھی۔

کابینہ کے فیصلے کے بعد 14 اگست 2019 سے وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی ہو گی۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت مقررہ وقت کے بعد اگر کسی نے خلاف ورزی کی تو دکاندار، ہاکر یا اسٹال ہولڈر کو پہلی خلاف ورزی پردس ہزار روپے جرمانہ ہوگا جب کہ دوسری مرتبہ 20 ہزار اور دو سے زائد مرتبہ خلاف ورزی پر50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جب کہ پلاسٹک بیگ کو تیار کرنے کی کوشش کرنے والوں پر زیادہ بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

پاکستان میں وادی ہنزہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پلاسٹک بیگوں کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے حوالےسے ایشیا کا پہلا ضلع بن چکا ہے۔ وادی ہنزہ میں اپریل 2019 میں پلاسٹک بیگوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی جس کا عوام کی جانب سے بھی زبردست خیرمقدم کیا گیا تھا۔

وادی ہنزہ میں سال رواں کے دوران منایا جانے والا چیری بلوسم اور جشن بہاراں اس عہد کے ساتھ منایا گیا تھا کہ خوبصورت وادی میں اب کوئی بھی پلاسٹک کے بیگ استعمال نہیں کرے گا۔


متعلقہ خبریں