اپوزیشن سینیٹ اجلاس منسوخ کروانے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے، شبلی فراز


چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پرحکومت نے اپوزیشن پر تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام لگا دیا، ایوان بالا میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ اپوزیشن اجلاس منسوخ کروانے کے لئے بہانے ڈھونڈ رہی ہے۔ 

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے  ارکان کے حج پر جانے کا بہانہ بنا سکتی ہے،اپوزیشن والے کہہ سکتے ہیں کہ اپوزیشن کے کچھ ارکان حج پر جار ہے ہیں اس لئے اجلاس کچھ دنوں کے لئے مؤخر کردیا جائے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کہ اپوزیشن کی کوشش ہوگی کہ اجلاس منسوخ ہوجائے۔

ایک سوال کے جواب میں قائد ایوان سینیٹ  سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے این آر او سے متعلق بیان پر دکھ ہوا کیونکہ ہم مولانا فضل الرحمان کے پاس ووٹ مانگنے نہیں گئے تھے۔

شبلی فراز نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ میں ارکان سینیٹ کی اکثریت انکے ساتھ اور حکومت چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے تیار ہے۔

آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ میں حکومتی سینیٹرز کا غیررسمی مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جسکی کی قیادت قائدایوان شبلی فراز  نے کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چیف وہپ سینیٹر سجاد حسین طوری،سینیٹراورنگزیب اوراحمد خان سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں مفاہمتی عمل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 23 جولائی کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا اجلاس چند منٹ ہی جاری رہ سکا ،حکومت اور اپوزیشن کی ایما پر اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔

ایوان بالا کے چیئرمین صادق سنجرانی نے اجلاس کی صدارت کی۔چئیرمین نے اپنے خلاف قرارداد پر تحریک پیش کرنے کی خود اجازت دی جس پراپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ہم نے تحریک جمع کرائی کہ چیئرمین کے معاملے پر ووٹنگ کرائی جائے ۔

راجہ ظفرالحق نے کہا کہ بجائے اس کے کہ تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر کارروائی کی جاتی ایوان میں رولز 218 پر بحث کرائی جارہی ہے ۔ انہوں نے درخواست کی کہ اجلاس کو ملتوی کیا جائے اور یکم اگست کو ہونے والے اجلاس میں قرارداد پر ووٹنگ کرائی جائے۔

قائد ایوان شبلی فراز نے کہا کہ ہم قائد حزب اختلاف کے مؤقف کی قدر کرتے ہیں ۔چئیرمین نے اجلاس غیر معینہ مدت کےلئے  ملتوی کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے: اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا سینیٹ اجلاس چند منٹ ہی چل سکا


متعلقہ خبریں