مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس ،ملک ریاض کے داماد اور فہمیدہ مرزا کے بیٹے کے خلاف ریفرنس دائر


جعلی بینک اکائونٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کے داماد زین ملک کےخلاف ریفرنس دائرکردیا،وفاقی وزیربین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزااورسابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے صاحبزادے حسنین مرزا سمیت 16دیگر افراد کو ملزم نامزد کیا گیاہے۔ 

نیب راولپنڈی نے ریفرنس رجسٹرار احتساب عدالت کو جمع کرادیاہے ۔ اومنی گروپ کا مرکزی کردار عبدالغنی مجید اور سابق ڈی جی منظور قادر کاکا بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔

نیب کی طرف سے الزام عائد کیا گیاہے کہ ملزمان نے بھاری رشوت لے کر نہر خیام میں پلاٹ کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی،مبینہ طور پر پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے لیے ایک ارب روپے وصول کیے گئے۔

قومی احتساب بیورو کی طرف سے کہا گیاہے کہ ملزمان نے رقوم کی ادائیگی کے لئے جعلی اکاونٹس کا استعمال کیا،احتساب عدالت ملزمان کا ٹرائل کرکے سزا دے۔

ادھر آج نیب ہیڈکوارا سلام آباد میں بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کی ۔اجلاس میں تمام علاقائی بیوروز کے آپریشنلز اور پراسیکیوشن ونگ کی 15 روزہ کارکردگی کے جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کریشن فری پاکستان اور میگا وائٹ کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیئے پر عزم ہیں،گزشتہ ایک سال کے اندر 600 ریفرنسز متعلقہ عدالتوں میں دائر کیئے گئے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ احتساب عدالتوں، ہائیکورٹس ،سپریم کورٹس کے مقدمات کی پیروی کے لیئے قانونی معاونت فراہم کر رہے ہیں، نیب نے تمام مقدمات کو نمٹانے شکایات کی جانچ پڑتال کو مکمل کرنے کے لیئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ انویسٹیگیشن افسران ہر مقدمے کی کیس ڈائری تیار کریں جو انتہائی اہم ہے، افسران کی ریسرچ کے لیئے نیب ہیڈ کواٹر میں لائبریری بھی قائم کی گئی ہے جس میں قانون سے متعلق50 ہزار سے زیادہ کتابیں دستیاب ہیں۔

چیئرمین قومی احتساب بیورو نے کہا کہ نیب کے لیے ایچ ای سی کی لائبریری کی رسائی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے،تفتیشی افسران کے لئے جنرل فنانشنل رولز ،ڈیجیٹل ،فرانزک سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ سے متعلق کورسز متعارف کروائے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نیب نے مبینہ جعلی بنک اکائونٹس کیس میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا


متعلقہ خبریں