سیاسی قیادت کے خلاف مقدمات حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، پیپلزپارٹی


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیرحسین  بخاری نے  پنجاب میں اپوزیشن رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم سیاہ پر سیاسی مقدمات حکمرانوں کاایک اور سیاہ کارنامہ اور  حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ 

پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری جنرل کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ہر شہر میں احتجاج اورریلیاں سلیکٹڈ حکمرانوں پر عوام کا عدم اعتماد ہے، پی پی پی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرازمان کائرہ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور دیگر سیاسی قیادت کے خلاف مقدمات قابل مذمت ہیں۔

سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ کنٹینر دینے کا دعوی کرنے والے تحریک کے آغاز پر ہی ریاستی ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ عمران خان مقدمات گرفتاریوں کے ذریعے اپنے آقاؤں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ مت بھولیں مقدمات ہتھکڑیاں جیلیں آواز حق کو دبا نہیں سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمران مہنگائی سے بے حال اور بے روزگاری سے بیزار بپھرے عوام کے غیض وغضب کو دعوت نہ دیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان  نے بھی  پنجاب میں پرامن مظاہرین کے خلاف مقدمات کے اندراج پر بیان جاری کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر احتجاج جرم ہے تو عمران خان پوری قوم کے خلاف پرچہ کٹوائیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان نے احتجاج کے لئے کنٹینر دینے کا اعلان کیا تھا اور آج احتجاج پر مقدمات درج ہورہے ہیں،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پی پی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ کے خلاف ایف آئی آر قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی فاشسٹ حکومت نے پنجاب میں اپوزیشن کے 58 افراد کو احتجاج کرنے کی پاداش میں مقدمے میں نامزد کیا ہے، عمران خان نے احتجاج کرنے کے “جرم” میں مجموعی طور پر لاہور میں دوہزار افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے ہیں۔

شیری رحمان نے خبردار کیا ہے کہ پولیس کو سیاست میں استعمال کرنے سے آپ کی حکومت نہیں بچ سکتی،پرامن مظاہرین پر مقدمات سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان عوامی احتجاج سے خوف کا شکار ہیں۔

سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی  ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ شہباز شریف اور قمرزمان کاٸرہ کے خلاف مقدمہ قابل مذمت ہیں۔ حکومت یاد رکھے سیاسی قیادت سیاسی مقدمات سے نہیں  ڈرتی ۔

انہوں نے کہا کہ دو پولیس اہلکاروں کے ڈر سے چھپ جانے والا ہمیں نہ ڈراٸے،دنیا ہنس رہی ہے کہ کٹھ پتلی آمر بننے کی کوشش کر رہے ہیں ،سلیکٹڈ سن لیں سب سے بڑی طاقت عوام ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:متحدہ اپوزیشن کا یوم سیاہ، چاروں صوبوں میں جلسے


متعلقہ خبریں