جرمنی پاکستان کو 4 ارب روپے کی مالی مدد دے گا


اسلام آباد:  جرمنی پاکستان کو مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے 4 ارب روپے کی مالی مدد دے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان مالی معاہدے پر دستخط اسلام آباد میں ہوئے۔ 

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ جرمنی سے ملنے والی  رقم توانائی ، صحت اور معاشی ترقی کے اہداف پر خرچ کی جائے گی۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں  وفاقی وزیربرائے  اکنا مک افیئرزڈویژن حماد اظہر بھی موجود تھے۔

ادھر مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر کی آئی ایم ایف کی جی سیون ممالک کے لئے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز سے ملاقات بھی ہوئی ہے۔ جی سیون ممالک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان میں معاشی اصلاحات کی تعریف کی۔

یاد رہے کہ چین نے بھی رواں سال کے اوائل میں  پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اور روپے کی قدر میں مزید کمی کو روکنے کیلئے  دو ارب ڈالر امداد پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے امداد کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم اس کا مقصدعمران خان کی حکومت کو کمزو مالی صورتحال، زرمبادلہ کی قلت اور قرضوں کی بڑے پیمانے پرادائیگیوں میں مدد دینا ہے۔

چین کی جانب سے یہ امداد اس وقت سامنے آئی جب پاکستان سات سے آٹھ ارب ڈالر کے پیکیج کیلئے آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہا تھا۔

رپورٹ میں اسلام آباد میں اعلیٰ حکومتی افسر کا حوالہ دیا گیا جن کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے پاکستان کیلئے امداد سے ثابت ہوتا ہے کہ چین چاہتا ہے کہ ہم بحران سے نکل آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں روپے کی قدر میں گراوٹ کو روکنا ہے اور ایسا کرنے کے لیے ہم چین سے توقعات رکھ سکتے ہیں۔

پاکستان کو مالی مشکلات سے نکالنے کیلئے اس سے قبل سعودی عرب نے پاکستان سے چھ ارب ڈالر امداد کی حامی بھری تھی جس میں سے کچھ رقم اسٹیٹ بینک کو موصول ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: چین، پاکستان کو دو ارب ڈالر امداد دے گا، رپورٹ


متعلقہ خبریں