’شہباز شریف، مریم نواز میں بات چیت ختم ہوچکی ہے‘


لاہور: معروف صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن ایک ایسا مسافر خانہ بن چکا ہے جہاں کسی کو کچھ پتہ نہیں کہ دوسرا بندہ کس مقصد سے آیا ہے۔

عارف حمید بھٹی نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان بات چیت ختم ہو چکی ہے۔

عارف حمید بھٹی نے کہا کہ شہباز شریف اپنی والدہ کے پاس گئے اور کہا کہ آج جس مقام پر ہماری فیملی ہے اس کی ذمہ دار صرف مریم نواز ہے، اسی کی وجہ سے ہم تباہی کے دہانے پر پہنچے ہیں۔

واضح رہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز کے مابین اختلافات کی خبریں اکثر سامنے آتی رہتی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے گزشتہ ماہ لاہور میں پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے شہباز شریف کی مثاقِ معیشت کی تجویز کو مسترد کر دیا اور اسے مذاق قرار دے دیا۔

اسی پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے سینئر تجزیہ نگار عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا بیانیہ مریم نواز اور نواز شریف کے بیانیے سے پہلے دن سے ہی مختلف تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا حساس اداروں سے متعلق بیانیہ الگ ہے جبکہ شہباز شریف کا الگ ہے۔مریم نواز کی دادی اماں نے اس سلسلے میں معاملات ٹھیک کرنے کی بہت کوشش کی تاہم یہ ممکن نہیں ہو سکا۔

عارف حمید بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز نے اپنے چچا کے بیانیے سے بغاوت کر دی جو کہ حکومت کے ساتھ چلنا چاہتے تھے اور پاکستان کی معیشت کی بہتری کی بات کر رہے تھے لیکن مریم نواز کی پریس کانفرنس نے یہ ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ ن واضح طور پر دو گروہوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کے ساتھ ساتھ پرویز رشید کا بیانیہ بھی ہمیشہ سے اداروں کے خلاف رہا ہے۔


متعلقہ خبریں