’گزشتہ حکومت میں دہی بھلے کھانے کا بل 27 کروڑ روپے کی شکل میں ادا کیاگیا‘



وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے الزام عائد کیا ہے کہ 2008 سے 2018 تک پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز ( پی آئی اے )کو چنگچی  رکشے کے طور پر استعمال کیا گیا، یہی نہیں بلکہ گزشتہ حکومت میں دہی بھلے کھانے کا بل 27 کروڑ روپے کی شکل میں ادا کیاگیا۔

وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سے متعلق گزشتہ 10سال کے انکشافات کابینہ کے سامنےکیے گئے۔پی آئی اے کے پائلٹس ان کی ذاتی ڈیوٹیاں دیتے رہے،پی آئی اے کے 33دفاتر یونین کے قبضے میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ   گزشتہ حکومتوں نے نیشنل کیریئر کو پرسنل کیریئر میں تبدیل کیا ، 21 مرتبہ پی آئی اے کی فلائٹس کو ری روٹ کیا گیا۔ کوئی کرائےکی سائیکل کےساتھ بھی ایسانہیں کرتاجوانہوں نےپی آئی اےکےساتھ کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہازکے لئے 200 کی جگہ 503 افراد کو بھرتی کیا گیا۔ یونین کی پشت پناہی سے یہ کام ہوئے وہ بورڈنگ پاس جاری کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ 250 پی آئی اے کے ملازمین یونین کی ڈیوٹی پر تھے، پی آئی اے کو 21 مرتبہ سکھر کی طرف موڑا گیا۔ 31ڈومیسٹک فلائٹس کونیشنل روٹس سےہٹاکرسکھرایئرپورٹ پراتاراگیا۔ 5،5 ملین روپے کا نقصان جہاز کے روٹ کو سکھر کی طرف کرنے کی وجہ سے ہوا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ 45 فلائٹس 15 اے 2018 کے درمیان چلائی گئیں جس سے 954 ملین کا نقصان ہوا۔جتنے دن ظل سبحانی لندن اسپتال میں رہے ادھر کیمپ آفس قائم کردیا گیا،28 کروڑ روپے کا دیگر کاموں میں خرچ ہوئے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے الزام عائد کیا کہ  12 سے 2017 تک 50 وی آئی پی فلائٹس چلائی گئیں جن  پر ایک ارب 6 کروڑ سے زائد روپے کا خرچہ آیا ۔گزشتہ حکومت میں دہی بھلے کھانے کا بل 27 کروڑ روپے کی شکل میں ادا کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ 2008 سے 18 تک سفری اخراجات جن کا استحقاق نہیں تھا اور استعمال کیا گیا اس کا پیسہ واپس لیا جائیگا۔ اس سال پی آئی اے میں  بھرپور انداز میں اخراجات میں قابو میں کرتے ہوئے ہم اسے  خسارے سے نکال کر آمدن کی طرف لیکر جائیں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو امریکہ کے کامیاب دورے پر مبارک باد دی ،وزیراعظم کے دورے سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔

اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے گزشتہ روز ہونے والے احتجاجی جلسوں کے حوالے سے کہا کہ یوم سیاہ انہوں نے منایا جن کے منہ پر عوام نے ووٹ کی سیاہی لگائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف سے واشنگٹن کا تاریخی جلسہ برداشت نہیں ہوا، فردوس عاشق


متعلقہ خبریں