’نوازشریف کو کچھ ہوا تو مقدمہ عمران خان کیخلاف درج ہوگا‘



لاہور: مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اگر نوازشریف کو کچھ ہوا تو اس کا مقدمہ موجودہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف درج ہوگا۔

پریس کانفرنس کے دوران ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم نوازشریف کی صحت پرسیاست کرنے کی بجائے ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل کریں۔

احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب کا بجٹ کم کردیا ہے اور موجودہ صاحب اقتدار لوگ عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہیں۔

انہوں نے موجودہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کا بجٹ کاٹ دیا گیا ہے جب کہ حکومت کے پہلے سال ہی 10لاکھ لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے 10ماہ کے اندر ان کی معاشی ٹیم غائب ہوگئی جس کے سبب بیرونی سرمایہ کاری میں 50فی صد کمی ہوئی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں کیوں کہ اس ملک کے احسانات ہم کسی صورت نہیں اتار سکتے۔

موجودہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو نیب کیسز کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور یوں لگتا ہے کہ قومی احتساب بیورو نیازی بیورو بنتا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صاحب اقتدار لوگوں کا مسئلہ صرف نوازشریف ہیں کیوں کہ کابینہ کے 4 گھنٹے کے اجلاس میں 3 گھنٹے نوازشریف کا ذکر ہوتا ہے۔

احسن اقبال نے عمران خان کو سلیکٹڈ وزیراعظم کہتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں