اداکارہ مہوش حیات نے وزیر اعظم سے قومی کھیل ہاکی کی بہتری کا مطالبہ کردیا

تمغہ امتیاز ملنے کےاعلان پر لوگوں کی تنقید سے پریشان نہیں،مہوش حیات

کراچی:اداکارہ مہوش حیات نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے قومی کھیل ہاکی کی بہتری کا مطالبہ کردیا ہے۔ 

آج نیشنل عبدالستار ایدھی اسٹڈیم کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ  انہیں اسٹیڈیم دیکھ کر افسوس ہوا، مجھے لگا اسٹیڈیم میں لوگ ہوں گے لیکن یہاں کوئی نہیں ۔ قومی ہاکی چمپئین شپ میں بد نظمی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ دیکھ کر یہاں آئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی جیسے قومی کھیل کے لئے اسپانسر کا آنا بہت ضروری ہے۔ قومی ٹورنامنٹ ہو رہا ہے لیکن قومی چینل ہی کور نہیں کر رہا۔

مہوش حیات نے کہا کہ قومی کھیل کو بچانے کی بہت ضرورت ہے۔ ہم ہاکی رینکنگ میں بہت نیچے آچکے ہیں۔ جس طرح سینما بحال ہوئے کھیل بھی بحال ہونے چاہئیں۔

ناموراداکارہ  کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں کے پاس وسائل نہیں ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن بہت برے حال میں ہے۔ فیڈریشن میں مخلص لوگوں کو آنا چاہیے۔ ابھی بھی کچھ بگڑا نہیں سب کچھ بہتر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے آئی ہیں۔ پتہ چلا یہاں کھلاڑیوں کے پاس پانی نہیں پینے کے لئے، کوئی سہولیات کھلاڑیوں کو میسر نہیں ہیں۔ یہ ساری صورتحال دیکھ کر افسوس ہوا۔

مہوش حیات کا کہنا تھا کہ جس طرح دوسرے محکموں میں کرپشن ہے اسی طرح یہاں  بھی کرپشن ہوگی۔ کرپشن کی وجہ سے ہاکی میں  ہماری رینکنگ 17ویں نمبر پر آگئی ہے۔ یہاں بھی لوگوں کا احتساب ہوگا تو بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر خبریں آئی تھیں کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ کھلاڑیوں نے ناقص انتظامات کے باعث رات سڑک پر گزاری تو ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑی میدان سے باہر پانی کی تلاش میں سرگرداں نظر آئے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم جس کا نام  اب عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم ہے میں قومی ہاکی چیمپیئن شپ آغاز سے ہی بد انتظامی کا شکار نظر آ رہی ہے اور قومی کھیل کو بھی مذاق بنا دیا گیا۔ مختلف شہروں سے آئے کھلاڑیوں نے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں ناقص انتظامات پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

شدید گرمی میں بھی اسٹیڈیم میں پینے کے لیے پانی کا انتظام نہیں کیا گیا اور ٹورنامنٹ کھیلنے آئے کھلاڑی اسٹیڈیم سے باہر پانی کی تلاش میں خوار ہوتے نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیے: قومی ہاکی چیمپیئن شپ، کھلاڑی پانی کی تلاش میں مصروف


متعلقہ خبریں