ناران: لینڈسلائیڈنگ سے دو سیاح جاں بحق

ناران: لینڈسلائیڈنگ سے دو سیاح جاں بحق

فوٹو: ہم نیوز


مانسہرہ: خیبر پختونخوا  کے ضلع مانسہرہ سے ناران جاتے ہوئے بٹہ کنڈی کے مقام پر مٹی کا تودہ گرنے سے دو سیاح جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے مٹی کا تودہ کار پر گرا جس سے جانی نقصان ہوا اور شاہراہ ناران بند ہو چکی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا اور نعشوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع لیہ سے ہے اور ان کے لواحقین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کرین کی مدد سے اہم شاہراہ سے مٹی ہٹانے کا کام جاری ہے اور اس میں مزید چند گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ مون سون کے آغاز میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی نے آگاہ کیاتھا کہ سیاح لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق رواں برس برسات، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب تاحال 62 افراد جاں بحق اور 71 زخمی ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں