’50 ہزار روپے سے زیادہ خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط کا اطلاق  یکم اگست سے ہو گا‘


اسلام آباد:50 ہزار روپے سے زیادہ خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط کا اطلاق  یکم اگست سے ہو گا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر ) نے  فنانس ایکٹ 2019  میں ٹیکس قوانین میں ترامیم کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ 

ایف بی آر کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق بھٹہ خشت پر ساڑھے 7 سے ساڑھے 12 ہزار روپے ماہانہ فکس ٹیکس عائد کردیا گیاہے ۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھٹہ خشت پر ساڑھے 12 ہزار روپے ماہانہ فکس ٹیکس عائدکیا گیاہے۔

اسی طرح سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان میں بھٹہ خشت پر ساڑھے 7 ہزار روپے ماہانہ فکس ٹیکس عائد ہوگا۔ یکم اگست سے درآمدی اشیاء پر ریٹیل پرائس کا اندراج بھی  لازمی قرار دیا گیاہے۔ پوٹاشیم کلوریٹ پر فی کلو ٹیکس 65 سے بڑھا کر 70 روپے کر دیا گیا ہے ۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق  30 ڈالر تک مالیت کے موبائل پر 135 روپے ،30 تا 100 ڈالر مالیت کے موبائل پر 1320 روپے ،100 تا 200 ڈالر کے موبائل پر 1680 روپے،200 تا 350 ڈالر کے موبائل پر 1740 روپے ٹیکس عائد ہو گا۔

350 تا 500 ڈالر کے موبائل پر 5 ہزار 400 روپے 500 ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل پر 9 ہزار 270 روپے ٹیکس عائد کیا جائیگا۔

اسی طرح  درج ریٹیل پرائس سے کم قیمت پر سگریٹ کی فروخت جرم قرار دے دی گئی ہے۔ غیرتیارشدہ تمباکو پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 300 سے کم کر کے 10 روپے کر دی گئی ہے۔ سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ڈیڑھ سے بڑھا کر 2 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔

ایف بی آر نے ایک ہزار سی سی تک کی درآمدی گاڑی پر ڈھائی فیصد ، ایک ہزار ایک سے 1799 سی سی کی درآمدی گاڑی پر 5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

اسی طرح 1800 سے 3000 سی سی کی درآمدی گاڑی پر 25 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جبکہ 3 ہزار ایک سی سی سے اوپر کی درآمدی گاڑی پر 30 فیصد ایف ای ڈی عائدہوگی۔

مقامی طور پر تیار ہونے والی ایک ہزار سی سی کی گاڑی پر ڈھائی فیصد، ایک ہزار ایک سے 2 ہزار سی سی تک کی گاڑی پر 5 فیصد، 2 ہزار سی سی سے زائد کی گاڑی پر ساڑھے 7 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ آٹو رکشہ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا اطلاق نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے: آئی ایم ایف کا نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانےکا مطالبہ


متعلقہ خبریں