محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی تعریف نہیں کرسکتا،وسیم اکرم

کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتا، وسیم اکرم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز لیفٹ آرم فاسٹ بالر وسیم اکرم نے کہاہے کہ  محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پرحیرانی ہوئی ہے،فاسٹ بالر27سال کی عمر میں عروج حاصل کرتا ہے وہ ریٹائر ہوگئے. 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ بالر کا اصل امتحان ٹیسٹ کرکٹ میں ہوتا ہے،محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی تعریف نہیں کرسکتا۔

وسیم اکرم نے لکھا کہ پاکستان نے آسٹریلیا میں 2،اگلے سال انگلینڈ میں 3ٹیسٹ کھیلنے ہیں،پاکستان کو آسٹریلیا،انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میں عامر کی ضرورت ہوگی۔

واضح رہے قومی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے تاہم وہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلامیے میں بتائی گئی جس کے مطابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے اعزاز کا باعث تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ میچز اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2020 میں شرکت کے لیے اپنی فارم اور فٹنس برقرارکھنے کی کوشش کریں گے۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا، وہ پی سی بی کے شکرگزار ہیں جنہوں نے انہیں سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔

اس موقع پر ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ محمد عامر کا شمار موجودہ دور کے بہترین ٹیسٹ بالرز میں ہوتا ہے، قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم گراؤنڈ اور ڈریسنگ روم میں محمد عامر کی کمی محسوس کرے گی۔

محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 36 ٹیسٹ میچوں میں 30 کی اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں۔

اپریل 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میچ میں 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بہترین بالنگ تھی۔

یہ بھی پڑھیئے:فاسٹ بولر محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


متعلقہ خبریں