نوازشریف،شہباز شریف اورمریم نواز کی ملاقات: اندرونی کہانی

نوازشریف،شہباز شریف اورمریم نواز کی ملاقاتشریف گروپ کے 3 ملازمین کو دفتر کے باہر سے اٹھا لیا گیا: اندرونی کہانی

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جانب سے منائے جانے والے کامیاب یوم سیاہ کے بعد یکم اگست کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف پیش کردہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ہر صورت میں کامیاب ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ ہدایت پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کو دی جنہوں نے ان سے کوٹ لکھپت جیل میں خصوصی ملاقات کی۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے آج (بروز ہفتہ) جیل میں شریف خاندان کے افراد نے خصوصی ملاقات کی۔ خصوصی ملاقات کرنے کی درخواست پنجاب کے سیکریٹری داخلہ کو میاں شہباز شریف اور مریم نواز کی جانب سے دی گئی تھی۔

پاک پتن اراضی کیس: نواز شریف سے کیا ممکنہ سوالات کیے جائیں گے؟

مریم نواز کی اپنے والد کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ ملاقات جاری رہی جس میں مختلف سیاسی، قانونی اور خاندانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی ایم ایل (ن) کی مرکزی نائب صدرمریم نواز جب اپنے والد سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچیں تو وہاں موجود کارکنان نے انہیں دیکھ کر زبردست نعرے بازی اور گل پاشی کی۔

کارکنان نے اس موقع پر پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے اور مطالبات درج تھے۔

کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ نے پی ایم ایل (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کرانے کے لیے جمعرات کا دن مختص کیا ہوا ہے۔ اس دن معمول کے مطابق اہل خانہ اور دیگر افراد ان سے جیل انتظامیہ کی اجازت اور مروج طریقہ کارکے تحت ملاقات کرتے ہیں لیکن دو دن قبل حزب اختلاف کی جانب سے منائے جانے والے یوم سیاہ کی وجہ سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی ملاقات نہیں ہوئی تھی کیونکہ وہ اس حوالے سے منعقدہ تقاریب میں مصروف تھے۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد نواز شریف کو ملک کے چاروں صوبوں میں یوم سیاہ کے حوالے سے منعقد کیے جانے والے جلسوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

’سابق وزیراعظم  نواز شریف سے اے سی اور ٹی وی واپس لیے جانے کی خبر درست نہیں‘

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب کروانے کی ذمہ داری اپنے چھوٹے بھائی کو دی۔ انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت اپوزیشن کی للکار سے خوفزدہ ہوگئی ہے اور جلد ان کا پراپگنڈہ منطقی انجام سے بھی دوچار ہوجائے گا۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے بڑے بھائی اور پارٹی قائد کو تھانہ سول لائن سمیت لاہور کے دیگر تھانوں میں ان سمیت لیگی رہنماؤں و کارکنان کے خلاف درج ہونے والے مقدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ہم نیوز کے مطابق شریف خاندان نے میاں نوازشریف کے ساتھ دوپہر کا پرہیزی کھانا کھایا جس کے بعد ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے طبی معائنہ کیا۔

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے طبی معائنہ کرنے کے بعد سفارش کی کہ سابق وزیراعظم کو اسپتال منتقل کردیا جائے۔

احتساب عدالت نے مریم نواز کی طلبی کے لیے سمن بھجوادیا

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ان کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران ہونے والی سیاسی ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے والد سے اس ضمن میں صلاح و مشورہ بھی کیا۔

پی ایم ایل (ن) کے ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا کہ کوٹ لکھپت جیل میں ہونے والی ملاقات میں نیب کی جانب سے شریف خاندان کے افراد کی طلبی سمیت دیگر اہم سیاسی، قانونی اور خاندانی امور پر بھی مشاورت کی گئی۔


متعلقہ خبریں