پاکستان میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ایوانکا ٹرمپ کی پیشکش


واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی اور مشیر خاص ایوانکا ٹرمپ نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے پاکستان کو تعاون کی پیشکش کردی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں خواتین کی فلاح و بہبود کے منصوبے بھی شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ایوانکا ٹرمپ نے یہ پیشکش وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی کی امریکی صدر کی معاون خصوصی سے ہونے والی ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے فروغ پاتے بین الوزارتی روابط کا ثبوت ہیں۔

عمران خان بہتری کے لیے یو ٹرن لیں، زلفی بخاری

خارجہ امور سے متعلق ماہرین کے مطابق پاک امریکہ تعلقات میں ہونے والی بہتری کے نقطہ نطر سے اس ملاقات کو ایک اہم قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایوانکا ٹرمپ اور زلفی بخاری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا آغاز کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی اور امریکی صدر کی معاون خاص کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تعاون کے حوالے سے روزگار کی فراہمی، ووکیشنل ٹریننگ اور معاشی ترقی سے متعلق منصوبوں پر غور و خوص کیا گیا۔ ملاقات میں نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع کے فروغ  پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

ہم نیوز کے مطابق عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے امریکی صدر کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ کا بطور خاص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین کو با اختیار بنانےمیں ایوانکا ٹرمپ کی دلچسپی پر وہ شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ مشترکہ تعاون انسانی ترقی کےمواقع پیدا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھنے سے مرد و خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق زلفی بخاری نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات درست سمت میں آگے بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور امریکہ کو آئندہ چند ماہ میں سفارتی محاذ پرمزید کامیابیاں ملیں گی۔


متعلقہ خبریں