وزیراعظم نے چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھنے کی ہدایت کردی

سرکاری ملازمین کے مسائل: وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کے حل میں صوبائی محکموں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ہدیات دی ہیں کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان روابط کی مربوط حکمت عملی بنائی جائے اور چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی جانب سے درج کرائی جانے والی شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے وفاقی و صوبائی محکموں کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی اداروں کی جانب سے 89 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ اس طرح وفاقی محکموں کی کارکردگی سب سے بہتر رہی ہے۔

سٹیزن پورٹل: وزیراعظم کا خارج شدہ شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم

وزیراعظم کو پیش کردہ رپورٹ میں یہ افسوسناک انکشاف کیا گیا کہ شہریوں کی جانب سے درج کرائی جانے والی شکایات کے ازالے میں حکومت سندھ کی کارکردگی سب سے نچلے درجے کی تھی۔

پاکستان سٹیزن پورٹل پر درج کرائی جانے والی شکایات کے ازالے کے حوالے سے تیار کردہ کارکردگی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 90 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا جب کہ خیبرپختونخوا حکومت اور اس کے اداروں کی جانب سے 86 فیصد شکایات دور کی گئیں۔

ہم نیوز کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی حکومت نے ملنے والی 85 فیصد شکایات کا ازالہ کیا جب کہ بلوچستان و گلگت بلتستان کی حکومتوں نے شہریوں کی جانب سے ملنے والی 74 فیصد شکایات دور کیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت سندھ نے ملنے والی صرف 30 فیصد شکایات کا ازالہ کیا ہے جس کی وجہ سے کل زیرالتوا شکایات جن کی تعداد 37 ہزار 574  ہیں ان میں سے 32 ہزار کا تعلق صوبائی حکومت سے ہے۔

پاکستان سیٹزن پورٹل گوگل پلے اسٹور کی بہترین ایپلیکیشنز میں شامل

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کی جانب سے کل تین لاکھ 64 ہزار سے زائد ملنے والی شکایات کا ازالہ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں وفاقی اداروں نے ملنے والی 84 فیصد شکایات کا ازالہ کیا لیکن صوبائی محکمے اور ادارے صرف 30 فیصد ہی شکایات کا ازالہ کرسکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو دی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں سب سے زیادہ شکایات پولیس اور فراہمی و نکاسی آب سے متعلق درج کرائی گئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صوبائی محکموں اور اداروں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کے عدم تعاون کا سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔


متعلقہ خبریں