مہنگائی پہ دو ماہ میں قابو نہ پایا تو لوگ ہمیں پکڑیں گے، شیخ رشید

25 کے بعد سیاست میں تبدیلی آئے گی، شیخ رشید کا دعویٰ

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ابھی وزیراعظم عمران خان کے سفر کی تھکن دور نہیں ہوئی ہوگی کہ ملکی معیشت نے سنبھلنا شروع کردیا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ دو ماہ کے دوران مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا تو لوگ ہمیں پکڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خوش قسمت ہیں کہ برطانیہ میں بھی ان کا دوست وزیراعظم آگیا ہے۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو جیتتے دیکھ رہا ہوں لیکن اگر ہار جائے تو کچھ نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج عمران خان کو مکمل سپورٹ کررہی ہے۔

ٹرینوں کی آمد میں تاخیر: شیخ رشید ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور پہنچ گئے

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چور، ڈاکو اور جرائم پیشہ سے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔ نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ یہ سیاستدان ملک کو لوٹ کر کھا گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو جتنا زیادہ چیخا ہے اس کا اتنا نمبر لگا ہوا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ آصف علی زرداری اور شاہد خاقان عباسی ایک ہی چھت کے نیچے رہ رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایئرکنڈیشن کا اترنا اور گھر سے کھانا نہ آنا چھوٹی باتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی تباہی کی وجہ مریم نواز ہے جو پورس کی ہتھنی ہے۔

وزیراعظم کے دورہ امریکہ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹرمپ سے کہا کہ ایران سے جنگ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کو ایران سے جنگ نہ کرنے کا بہت اہم مشورہ وزیراعظم نے دیا ہے۔

پریس بریفنگ میں انہوں نے ریلوے ملازمین کی چھٹیاں ایک ہفتے کے لیے منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے پیش نظرچھٹیاں نہیں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو نئی واشنگ لائنز ہنگامی بنیادوں پر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سے ایک کراچی میں بنے گی جب کہ دوسرے لاہور میں ہوگی۔

پاکستان ریلوے:3 ہزار ڈرائیورز کی تربیت کیلئے صرف ایک سیمولیٹر

ریلوے ڈرائیورز کو ریٹائرمنٹ دینے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی صحت اور فٹنس دیکھ کر ریٹائرمنٹ بڑھانے کے لیے لوگوں کا انتخاب کریں گے۔

ریلوے کے سکھر ڈویژن کی حالت کو نا گفتہ بہ قرار دیتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اعتراف کیا کہ سکھر کی حالت سب سے زیادہ خراب ہے اور وہاں پر غیر قانونی بھرتیاں کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ روزہ دورے پر سکھر جارہا ہوں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ کوچز کی چھتوں پر سفر روکنے کے لیے کوچز کی تعداد میں اضافہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو ریلوے کا بہترین تفریح مقام دیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ رائل پام میں 250 سے زیادہ گالف کھیلنے والے ہیں لیکن 32 گالف کی گاڑیاں خراب کھڑی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن نے 25 تاریخ کو جلسی کی ہے جو برصغیر کے ناکام ترین جلسوں میں سے ایک تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان جلسوں سے عمران خان جانے والا نہیں ہے۔

پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ 24 اگست کو میری وزارت کا ایک سال مکمل ہو گا تو قوم کے سامنے خود کو پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ٹرینوں کی بندش کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے بلکہ ہم پانچ ٹرینوں کے روٹ تبدیل کرکے انہیں اپ گریڈ کررہے ہیں۔

جس دن ضمیر پر بوجھ ہوا، خود ہی مستعفی ہوجاؤں گا، شیخ رشید

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک پر اسکول کھلے ہوئے ہیں اور ریلوے پٹریوں پر جنازے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک پر قائم تجاوزات کے سبب ڈرائیور بے بس ہیں اور ریلوے نظام میں لوکوموٹو کی بھی کمی ہے۔

انہوں نے آئندہ ماہ سے ٹرینوں کے اوقات کار میں بہتری آنے کی نوید سناتے ہوئے اعتراف کیا کہ لوکوموٹو ہمارے گلے پڑ گئے ہیں جب کہ نئے انجنوں کو خریدنے کے لیے پیسے نہیں ہیں تو ہم موجودہ انجنوں کو ہی بحال کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے سابقہ حکمت عملیوں کو کڑی نکتہ چینی بناتے ہوئے کہا کہ دس سال کے دوران لاہور اور کراچی کے ریلوے اسٹیشنوں پر ایک روپیہ نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پلیٹ فارمز بحال کرنے کے بھی پیسے نہیں ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی اتحادی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم کمروں کوتوڑ کر دوبارہ ویٹنگ ایریا بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں