کراچی صدر میں واقع سینٹ پیٹرکس چرچ کی کہانی


کراچی میں جہاں تاریخی مسجدیں، مندر،قبرستان اور تفریحی مقامات موجود ہیں وہیں سندھ کے اس رومانوی شہر میں تاریخی مسیحی عبادت گاہیں بھی ہیں جو صدیاں گزرجانے کے باوجود آج بھی کراچی کی روشن تاریخ بیان کررہی ہیں۔

شہر قائد کراچی میں بڑی تعدادمیں قدیم عمارتیں موجود ہیں جن میں سے کئی کی حالت حکومتی توجہ کی متقاضی ہے ، ان میں سے ہی ایک سینیٹ پیڑکس چرچ کی عمارت بھی ہے۔

کراچی  صدر میں قائم سینٹ پیٹرکس چرچ  اپنے محل وقوع اور خوبصورتی کے باعث انفرادیت کا حامل ہے۔اس پرانی عمارت کے شیشے مخدوش حالت میں ہیں۔ سینٹ پیٹرکس چرچ کی تاریخ 175 سال پرانی ہے جبکہ چرچ کی عمارت کے قیام کو 140 سال بیت چکے ہیں۔

چرچ کے مرکزی گیٹ سے داخل ہوتے ہی نایاب پتھر اور سفید ماربل سے بنی مسیحی بادشاہ”کرائسٹ کنگ“ کی یادگاردکھائی دیتی ہے۔ چرچ کے اندر نایاب لکڑی کی بنی ہوئی کرسیاں رکھی گئی ہیں جبکہ فرش اور دیواروں پر قیمتی سنگ مر مر جڑاہوا ہے۔

ماضی میں چرچ میں ہوئے دھماکے اور شہر میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے عمارت میں لگے شیشے مخدوش حالت میں ہیں۔ان کی تبدیلی جرمن کمپنی کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔چرچ انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت فنڈ ریزنگ کا سلسلہ شروع کیا ہے لیکن 23 کروڑ روپے کی رقم جمع کرنا آسان کام نہیں ہے۔

ایک سوچالیس سالہ اس پرانی عمارت کےمخدوش شیشیوں سےمتعلق ہم نیوزنےخبرنشرکی تھی جس پروزراعلیٰ سندھ نےنوٹس لےلیاہے۔

وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے فادرماریواےراڈریجیوس سےملاقات میں اس عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے  حکومت سندھ کی جانب سے تین سالوں میں پچیس کروڑروپےدینےکااعلان کیا ہے۔

فادر ماریوکاکہناہےکہ چرچ کی تعمیرمیں مزید خرچہ کرسچین کمیونٹی اپنے  چندے سے اداکرے گی۔ ہم نیوزنے جون میں چرچ کی حالت اور تاریخی اہمیت پر تفصیلی رپورٹ  18 جون کو پیش کی تھی۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے فادرماریو سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ چرچ میں پتھراورشیشے کا کام انتہائی نفیس اورقدیم آرکیٹک کاشاہکار ہے،چرچ کا گلاس ورک کافی کمزور ہوچکا ہے جسکو دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چرچ کے قدیم گلاس ورک کی بحالی کے لیے بھرپور مدد کرے گی، حکومت سندھ چرچ کی بحالی کےلیے3سالوں میں25 کروڑ روپےدے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں قدیم عمارتوں کی بحالی سندھ حکومت کی ترجیح ہے،کرسچین کمیونٹی کی قدیم عمارتوں کی بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ چرچ کاکام شروع ہوتےہی حکومت سندھ فوری طور پر5 کروڑروپےجاری کرےگی۔ ہم کرسچین کمیونٹی کو سندھ میں اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔

دوران ملاقات باہم رواداری، بھائی چارے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ سندھ  نےکرسچین کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

یہ بھی پڑھیں:حیدرآباد دکن:تاریخی عمارت ’چار مینار‘ کا ایک حصہ ٹوٹ کرگرگیا


متعلقہ خبریں