’دنیا میں سب سے زیادہ ایڈز پھیلنے کی شرح پاکستان میں ہے‘

ایڈز کا وائرس ایک فوجی سے انسانوں میں پھیلا

فوٹو: فائل


دنیا میں سب سے زیادہ ایچ آئی وی پھیلنے کی شرح پاکستان میں ہے ، یہ انکشاف ایڈز کے حوالے سے  اقوام متحدہ کی سال 2019 کی رپورٹ میں کیا گیاہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا 2030 تک ایڈز جیسی مہلک بیماری سے چھٹکارا پانے کا منصوبہ بنا رہی ہے لیکن پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں اس بیماری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

یواین رپورٹ  میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں تیرہ فی صد کے ساتھ  ایچ آئی وی اور ایڈز کے بڑھنے کی  شرح  دنیا میں سب سے زیادہ ہے ۔ سال 2010 میں پاکستان میں ایک ہزار مریضوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص کی شرح 0.08 فیصد تھی جو سال 2018 میں بڑھ کر 0.11 فیصد ہوگئی ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا  ہے کہ اس وقت پاکستان میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار ہے،یہ تعداد 2015 میں ایک لاکھ 20 ہزار جبکہ 2010 میں 67 ہزار تھی۔

نو سال پہلے پاکستان میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے 14 سال سے کم عمر مریضوں کی تعداد 18 سو تھی  جو 2015 میں بڑھ کر 4 ہزار ہوئی جبکہ 2018 میں یہ تعداد 5 ہزار 5 سو تک جاپہنچی ۔ 

اسی طرح دو ہزار دس میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین مریضوں کی تعداد 19 ہزار تھی جو 2015 میں 37 ہزار اور  2018 میں 48 ہزار تک جاپہنچی۔

پاکستان میں 2010 میں اس بیماری کی وجہ سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 14 سو تھی جو 2015 میں بڑھ کر 4 ہزار 7 سو ہوگئی جبکہ 2018 انتہائی خطرناک رہا جہاں مرن والوں کی تعداد 6 ہزار 4 سو تھی۔

رپورٹ کے مطابق نشے کے عادی شکار افراد میں ایڈز پھیلنے کی شرح 21 فیصد، ہم جنس پرست مردوں میں یہ شرح 3.7 فیصد، خواجہ سراؤں میں یہ شرح 5.5 فیصد  جبکہ جسم فروشی میں مبتلا افراد میں اسکی  شرح 3.8 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں ایچ آئی وی کے 8ہزار 308 کیسز ہیں ، ترجمان ایڈز کنٹرول پروگرام


متعلقہ خبریں