’پاکستان تحریک انصاف اظہارِ رائے کی مکمل آزادی پر یقین رکھتی ہے‘


اسلام آباد: مرکز اور دوصوبوں میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی طر ف سے کہا گیاہے کہ پی ٹی آئی اظہار رائے کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ 

مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف احمد جواد کی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق سے ملاقات ہوئی ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور میڈیا کے حوالے سے اہم معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا پر قدغن عائد کرنے کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے ۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف احمد جواد نے کہا کہ تحریک انصاف اظہارِ رائے کی مکمل آزادی پر یقین رکھتی ہے، حزبِ مخالف کی پروپیگنڈا مشنری سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سنسرشپ کے بیانیے کو بڑھا چڑھا کر پیشی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزبِ مخالف کی اکثر جماعتیں ریاستی اداروں کے خلاف غیر اخلاقی اور جھوٹے پروپیگنڈے کا حصہ ہیں،جھوٹ اور من گھڑت خبروں کے ذریعے ریاست اور اس کے اداروں کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ حکومتی اصلاحات اور حقائق سے عوام جو آگاہ رکھنے کے لئے حزبِ مخالف کی پروپیگنڈا مشینری کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔

اس موقع پر نعیم الحق نے حزب مخالف کے پراپیگنڈے سے نمٹنے کیلئے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر عون چوہدری بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت کسی بھی سیاسی مخالف کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں،بلاول


متعلقہ خبریں