دھرتی ماں پر اپنی جانیں قربان کرنے والے قوم کی آنکھوں کا نور ہیں، زرداری ، بلاول


سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے دہشتگردوں کے ہاتھوں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جاتا تو دہشتگردی کی نرسریاں ختم ہوجاتیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرتی ماں پر اپنی جانیں قربان کرنے والے قوم کی آنکھوں کا نور ہیں۔ قوم ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

آصف علی زرداری نے شہداءکے والدین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس المناک گھڑی میں پیپلزپارٹی اور بھٹو خاندان شہداءکے ورثا کے دکھ میں شریک ہیں۔

آصف علی زرداری نے شہداءکی مغفرت اور اعلیٰ مرتبے کی دعا کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں پی پی پی چیئرمین نے دہشت گردوں کی فائرنگ میں جوانوں کی شہادت پر افسوس اور شہداء کے لواحقین سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکار قوم کے اصل ہیرو ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے سرحد پار دہشت گردوں کی کمین گاہوں کا صفایا ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیے: فوجی جوانوں پر دہشتگرد حملے، سیاسی قیادت کا ردعمل


متعلقہ خبریں